
بیڑ : بڑی خبر! والمک کراڑ پر مکوکا؛ 14 دن کی ملی عدالتی تحویل ؛ تاوان وصولی و سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کا الزام
بیڑ: (کاوش جمیل نیوز) :بیڑضلع کی کیج کورٹ نے تاوان وصولی کیس کے ملزم والمک کراڑ کے بارے میں بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ والمک کراڑ کے خلاف مکوکا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی کراڑ کو 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ والمک کراڑ کو آج (14 جنوری) جبری وصولی کیس کے سلسلے میں بیڑ کیج کورٹ میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں سرکاری وکیلوں نے والمک کی سی آئی ڈی تحویل کی مانگ کی تھی۔ تاہم عدالت نے اُسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ والمک کراڑ بیڑ ضلع کے کیج تعلقہ میں مساجوگ گاؤں کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کیس میں بھی اہم ملزم ہے۔ دوسری جانب اس قتل کیس میں شواہد اکٹھے کرنے کا کام بھی جاری ہے۔
سی آئی ڈی نے تاوان وصولی کیس اورسنتوش دیشمکھ قتل کیس میں پوچھ گچھ کے لیے والمک کی سی آئی ڈی تحویل کی درخواست کی تھی۔ تاہم جج نے عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ تاوان وصولی کیس میں اس سے مزید 14 روز تک پوچھ گچھ کی جائے گی۔
اپوزیشن پارٹی کے لیڈروں اورمساجوگ کے گاؤں والوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سنتوش دیشمکھ قتل کیس کا مرکزی ملزم والمک کراڑ ہے۔ سنتوش دیشمکھ کے خاندان نے بھی کراڑ پر الزامات لگائے ہیں۔ اس لیے اپوزیشن مطالبہ کر رہی تھی کہ کراڑ کے خلاف مکوکا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔ اس قتل کیس میں اب تک آٹھ دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اوران سب پر مکوکا لگایا گیا ہے۔ تاہم والمک پر مکوکا نہیں لگایا گیا تھا۔ ان پر بھی مکوکا لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔ شہریوں کا یہ مطالبہ اب پورا ہو گیا ہے۔ اب والمک کراڑ پر مکوکا لگا دیا گیا ہے۔