
پریاگ راج (الہ آباد) میں مہاکمبھ میلے میں لگی زبردست آگ، لگاتار تین سلنڈر کے ہوئے دھماکے!کوئی جانی نقصان نہیں؛ فی الحال آگ پر پایا گیا قابو
اتر پردیش کے پریاگ راج (الہ آباد) میں مہاکمبھ میلے میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا ہے۔ اس آگ کے شعلے دور سے نظر آرہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کیمپ کی جگہ پر آگ بھڑک اٹھی اور اس نے علاقے میں لگائے گئے کئی خیموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ایک ٹیم بھی آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ اہلکاروں کی مدد کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ، پولیس اور فائر بریگیڈ نے آگ بجھانے کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ادھر آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ اتر پردیش کے چیف فائر آفیسر پرمود شرما نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ آگ مہاکمبھ میں سلنڈر پھٹنے سے لگی۔ دریں اثنا، پریاگ راج (الہ آباد) زون کے اے ڈی جی بھانو بھاسکر نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ مہاکمبھ میلے کے سیکٹر 19 میں دو سے تین سلنڈر پھٹ گئے۔ جس سے کیمپ میں بڑی آگ لگ گئی۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ تمام لوگ محفوظ ہیں اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔
مہاکمبھ میلے کے سیکٹر 19 میں دو سلنڈر پھٹنے سے کیمپوں میں آگ لگ گئی۔ اکھاڑا پولس اسٹیشن کے انچارج بھاسکر مشرا نے کہا، “فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔” مہاکمبھ 2025 کے آفیشل ایکس ہینڈل نے پوسٹ کیا، “بہت افسوسناک! مہاکمبھ میں آتشزدگی کے واقعہ نے سب کو چونکا دیا ہے۔ انتظامیہ فوری طور پر راحت اور بچاؤ کام کر رہی ہے۔ پوسٹ میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں متاثرہ علاقے سے سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔