مہاراشٹر

ہرگھر ہر فرد کے اصلاح کی فکر ہم سب کی اولین ذمہ داری:… مولانا محمد اسلم القاسمی

ممبئی: 2؍اکتوبر: ہر مسلمان مرد وعورت کی ذمہ داری ہے کہ ایمان وعقیدہ کی درستگی کے ساتھ خود بھی نیک اعمال کا خوگر ہو، برائیوں سے پرہیز کرے اور دوسروں کو بھی صالح بنانے کی کوشش کرے، اچھائیوں کو پھیلانے اور برائیوں کو مٹانے کی فکر اور جد و جہد کرے۔ان خیالات کا اظہارمولانا محمد اسلم القاسمی (صدر جمعیۃعلماء شمال مغربی زون،ممبئی)نے مولانا غیاث الدین قاسمی صدر جمعیۃ علماء اندھیری ویسٹ کی صدارت میں ساگر سٹی اندھیری،ممبئی میں منعقدہ ایک مشاورتی نشست میں کیا۔
مولانا محمد اسلم القاسمی نے اصلاح معاشرہ کی تحریک اور اس سے متعلق گفتگو کو جاری رکھتے ہوئےکہا کہ قرآن پاک اور احادیث کی تعلیمات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ہر مسلمان کی پہلی ذمہ داری یہ ہے کہ اپنے ایمان اور عقیدہ کی درستگی کے ساتھ اپنے اعمال، اخلاق ، عادات اور معاملات کو شریعت وسنت کے مطابق بنانے کی کوشش کرے لیکن صرف اپنے ایمان اور اعمال کی فکر کافی نہیں بلکہ درجہ بدرجہ اپنے اہل خانہ، اہل وعیال، اہل محلہ، اہل شہر بلکہ تمام لوگوں کو نیکی کی راہ پر لانے کی فکر کرے۔
مولانا نے بالخصوص مسلم معاشرہ کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے ہر ذمہ دار طبقہ کو متوجہ کیا کہ ان حالات میں تمام مسلمانوں اور خاص طور پر علماء کرام ، ائمہ مساجد ، متولیان مساجد، بستی اور برادری کے سرکردہ افراد کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ معاشرہ کی اصلاح کے لیے خود محنت کریں اور اس سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں کے ساتھ عملی اور فکری تعاون پیش کریں ۔
مولانا غیاث الدین قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ معاشرہ کی اصلاح ہر شخص اپنی ذات سے شروع کرے،ہم سب کو اولا اپنی،اپنے ماتحتوں کے اصلاح کی کوشش ہونی چاہئے،اصلاح کا یہ کام ہم اپنی ذات سے شروع کریں گے تو ان شاء اللہ مفید تر ہوگا اور اس کے نتائج دور رس ہوں گے۔ اخیر میں مولانا عبادالرحمن صاحب قاسمی رکن عاملہ جمعیۃعلماءشمال مغربی زون ممبئی جو پچھلے دس دنوں سے زیر علاج ہیں کے لئے جلد صحت یابی کی دعاء کی گئی۔
اس مجلس میںمولانا مفتی رحمت اللہ قاسمی ناظم نشر و اشاعت جمعیۃ علماء شمال مغربی زون ممبئی، مولانا عبد اللہ فلاحی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء اندھیری ویسٹ ممبئی، مفتی محمد عابد قاسمی خازن جمعیۃ علماء اندھیری ویسٹ ممبئی ،مولانا نذیر جالی والی مسجد اندھیری ویسٹ ممبئی، قاری عبدالرشید جوائنٹ سکریٹری جمعیۃ علماء شمال مغربی زون ممبئی، مولانا یاسین مظاہری ،مولانا یعقوب مظاہری ، مولانا شاہد ،حافظ زبیر اور حافظ یاسین وغیرہ نے شرکت کی۔

kawishejameel

chief editor

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے !!