اورنگ آباد: ڈاکٹرعبدالغفار قادری کا اجیت پوار گروپ میں شامل ہونے کا فیصلہ ؛ منعقدہ کارکنان کے اجلاس میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے شرکت کا امکان!

اورنگ آباد (کاوش جمیل نیوز) : مہاراشٹراسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی حلقوں میں ایک بڑی پیش رفت دیکھنے کو ملی ہے۔ ایم آئی ایم کے سابق صوبائی صدراورنگ آباد کے معروف سیاسی چہرے ڈاکٹرعبدالغفارقادری نے آج نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس فیصلے کے بعد شہر میں اقلیتی ووٹ بینک کے اثر و رسوخ کے علاقوں میں حکومتی اتحاد کو تقویت ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ڈاکٹر قادری کے استقبال کے لیے منعقدہ کارکنان کے اجلاس میں خود نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار شرکت کریں گے۔
ڈاکٹر عبدالغفار قادری نے اورنگ آباد مشرقی اسمبلی حلقے سے تین مرتبہ انتخاب لڑا۔ 2014 کے الیکشن میں انہیں 60 ہزار سے زائد ووٹ ملے تھے، مگر 2019 میں یہ تعداد کم ہو گئی۔ بعد ازاں ایم آئی ایم میں ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل پر بدعنوانی اور بدنظمی کے سنگین الزامات لگا کر انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔ قادری کا کہنا تھا کہ امتیازجلیل کی وجہ سے پارٹی کو شدید نقصان ہوا اور اندرونی اختلافات میں اضافہ ہوا۔
اس کے بعد جب ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے اسمبلی امیدواروں کا اعلان کیا تو ڈاکٹر عبدالغفار قادری کا نام نظرانداز کر دیا گیا، جس سے ان کی ناراضگی مزید بڑھ گئی۔ انتخابی میدان میں انہیں خاطر خواہ حمایت بھی نہ مل سکی۔ اب انہوں نے اجیت پوار گروپ کا دامن تھام کر ایک نیا سیاسی سفر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ ایم آئی ایم سے ناراض اقلیتی رہنماؤں اور کارکنوں کا اس گروپ میں آنا اسمبلی انتخابات سے قبل ایک اہم سیاسی اشارہ ہے۔ (نیوز سورس: لوک ستا)