مہاراشٹر

فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے قریشی برادری کے ہڑتال کی حمایت کی ؛ فیڈریشن نے حکومت پرلاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کی سازش کا الزام بھی عائد کیا

ممبئی : (پریس ریلیز) :فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس نے پریس کیلئے جاری ایک بیان میں مہاراشٹر میں جاری قریشی برادری کی ہڑتال کی حمایت کی ہے ۔ فیڈریشن کے ذمہ داروں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے کہا ہے کہ حکومت کو فرقہ پرستوں کو قابومیں رکھنا چاہئے تاکہ وہ گئو رکشا کے نام پر ریاست میں دہشت گردی نہ پھیلائیں ۔ عموما دیکھا گیا ہے کہ گئو رکشا کے نام پر بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد سمیت دیگر تنظیمیں جانوروں کے ٹرک روک کر تشدد کرتے ہیں جس میں اکثر مسلم تاجروں کی موت بھی واقع ہوجاتی ہے ۔ لیکن حکومت اور انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔مجبور ہو کر قریشی برادری نے ہڑتال کے ذریعہ حکومت اور انتظامیہ پر دبائو بنانے کی جانب قدم اٹھایا ہے۔
فیڈریشن نے کہا جو حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے اس میں اضافہ کرے اسے اقتدار میں برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔حکومت اگر گوشت کاروباریوں کے مسائل حل نہیں کرسکتی تو اسے فوری طور سے استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔
فیڈریشن کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ یہ حکومت جو دو کروڑ سالانہ روزگار دینے کے وعدے پر اقتدار میں آئی تھی ۔اس نے روزگار دینے کی بجائے اپنی متعصبانہ پالیسی اور فرقہ وارانہ سوچ کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار بنانے کیلئے کام کررہی ہے ۔ قریش برادری کی ہڑتال کا اثر اس منسلک تاجر کے علاوہ ریاست کے کسانوں پر بھی ہوگا ۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ کسان جانوروں کے بازاروں میں اپنے جانور فروخت کیلئے لے جارہے ہیں لیکن ہڑتال کے سبب وہاں کوئی خریدار ہی نہیں ہے ۔ حکومت پہلے ہی گائے کی نسل کے ذبیحہ پر پابندی لگا کر کسانوں کو بے دست پا کردیا تھا اور اب بھینس اور اس کی نسل کے تاجروں کے ساتھ بجرنگ دل ، وشو ہندو پریشد کے ذریعہ تشدد کے سبب ہڑتال کی وجہ سے کسانوں پر مزید معاشی بوجھ پڑنے کی وجہ سے ریاست میں جاری ان کی خود کشی میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے ۔قریشی برادری کا الزام ہے کہ حکومت گوشت کے اس کاروبار کو بھی اپنے دوستوں کے حوالے کرنا چاہتی ہے اسی لئے وہ ہندوتوا متشدد گروہوں کو کنٹرول نہیں کرتی ۔فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ کسانوں کے حق میں قریشی برادری کے مسائل حل کرے انہیں تحفظ فراہم کرے ۔
فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس کے جوائنٹ پریس ریلیز کے ذریعہ یہ بیان دیا گیا ہے ۔پریس ریلیز دینے والوں میں مولانا عمرین محفوظ رحمانی ، سیکریٹری مسلم پرسنل لا بورڈ محمود احمد دریا آبادی جنرل سکریٹری علماء کونسل،مولانا حافظ الیاس خان فلاحی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند ، مولانا حافظ سید اطہر،عالم دین اہل سنت والجماعت صدر علماء ایسوسی ایشن ممبئی ، مہاراشٹر ، مولانا حلیم اللہ قاسمی، صدر جمعیتہ علمائے ہند مہاراشٹر فرید شیخ صدر امن کمیٹی ممبئی ، عبدالحفیظ پترکار جالنہ، مولانا ظہیر عباس رضوی نائب صدر شیعہ پرسنل لاء بورڈ ، ڈاکٹر سعید احمد فیضی،ناظم عمومی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر،مولانا مفتی حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیت علمائے ہند مہاراشٹر ، مولانا آغا روح ظفر ،امام خوجہ جماعت ممبئی ، مولانا انیس اشرفی رضا فاؤنڈیشن ممبئی، مولانا نظام الدین فخر الدین ، ممبر مسلم پرسنل لا بورڈ پونہ،ہمایوں شیخ ناظم ممبئی جماعت اسلامی ہند ، شیخ عبدالمجیب کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!