مرکزی حکومت کا بڑا فیصلہ، آن لائن گیمنگ پر پابندی؟ جلد پیش ہوگا بل؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

نئی دہلی: (کاوش جمیل نیوز) :بھارت میں آن لائن گیمنگ کا جنون تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ بچے ہوں یا نوجوان، سبھی میں آن لائن گیمنگ کا شوق نظر آتا ہے۔ مگر اب اس تیزی سے پھیلتے رجحان پر لگام لگانے کے لیے مرکزی حکومت بڑی کارروائی کی تیاری میں ہے۔ مرکزی کابینہ نے منگل کو آن لائن گیمنگ سے متعلق ایک بل کو منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس بل کا مقصد ڈیجیٹل گیمنگ کے شعبے میں ضابطہ بندی لانا اور پیسے سے جڑے تمام گیمنگ لین دین پر مکمل پابندی عائد کرنا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس بل کے نفاذ کے بعد ہر طرح کے مالیاتی گیمنگ ٹرانزیکشن بند کر دیے جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق یہ بل بدھ کو لوک سبھا میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں میں آن لائن گیمنگ کے ذریعے دھوکہ دہی کے واقعات میں بڑا اضافہ ہوا ہے، اسی لیے حکومت اس بل کو پارلیمنٹ میں لانے کی تیاری میں ہے۔ اگر یہ قانون بن جاتا ہے تو پیسے پر مبنی گیمنگ کے تمام معاملات بند ہو جائیں گے۔
مزید یہ کہ اس بل کے نفاذ کے بعد بینکوں اور مالیاتی اداروں کو "ریئل منی آن لائن گیمنگ” کے لیے فنڈ پروسیسنگ یا ٹرانسفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح ایسے گیمز کی تشہیر کرنے والی اشتہارات اور غیر قانونی پلیٹ فارم چلانے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2023 میں حکومت نے ایسے پلیٹ فارمز پر 28 فیصد جی ایس ٹی نافذ کیا تھا، اور مالی سال 25 سے آن لائن گیم سے حاصل جیت پر 30 فیصد ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے 2022 سے فروری 2025 کے درمیان جوا کھیلنے سے متعلق 1400 سے زائد ویب سائٹس اور ایپس کے خلاف کارروائی کی ہے۔