ممبئی میں عید میلاد النبیؐ کی چھٹی میں تبدیلی؛ جلوس اور تہواروں میں آسانی کے لیے تاریخی فیصلہ؛ ممبئی میں 8 ستمبر کو عید میلاد النبیؐ کی رہے گی چھٹی

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹر حکومت نے ممبئی اور مضافات کے مسلمانوں کے لیے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ پہلے 5 ستمبر کو عید میلاد النبیؐ کی چھٹی طے کی گئی تھی، لیکن اننت چتردشی اور گنیش وسرجن کے وسیع جلوسوں کے باعث انتظامی سہولت اور امن و امان کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تاریخ آگے بڑھا دی گئی ہے۔
ریاستی حکومت کے عام انتظامیہ محکمے نے واضح کیا ہے کہ ممبئی شہر اور مضافات میں اب پیر، 8 ستمبر کو سرکاری تعطیل ہوگی۔ اس روز پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے یومِ ولادت کی خوشی میں نکالا جانے والا عظیم الشان جلوس نکالا جائے گا۔ بقیہ مہاراشٹر میں البتہ 5 ستمبر کو ہی چھٹی برقرار رہے گی۔
یہ فیصلہ دراصل ہندو مسلم یکجہتی کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ آل انڈیا خلافت کمیٹی اور دیگر مسلم تنظیموں نے اس سلسلے میں مشاورت کی تھی، جس کے بعد سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی مشرق کے ایم ایل اے رئیس شیخ نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا تھا۔ حکومت نے اس پر فوری مثبت اقدام کرتے ہوئے چھٹی کی تاریخ بدل دی۔
5 ستمبر کو ممبئی میں تمام دفاتر، اسکول اور کالج معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ 8 ستمبر کو شہر بھر میں خوشیوں کی فضاء ہوگی اور سرکاری چھٹی کے باعث لوگ پورے عقیدت و احترام کے ساتھ جشنِ عید میلاد النبیؐ منائیں گے۔
یہ فیصلہ نہ صرف انتظامی آسانی بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی روشن مثال بھی ہے۔ ممبئی کے مسلمان اور ہندو دونوں برادریاں اپنے اپنے مذہبی تہوار امن و سکون کے ساتھ منا سکیں گی۔