مہاراشٹر: "لاڈلی بہن اسکیم” کا ناجائز فائدہ؛ 1,183 سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی شروع؛ خواتین و بچوں کی ترقیات محکمے کی فہرست گرام وکاس محکمے کو روانہ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :’لاڈلی بہن اسکیم’ کا فائدہ لینے والے سرکاری ملازمین پر اب کارروائی کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ خواتین و بچوں کی ترقیات محکمے نے ایسے 1,183 ملازمین کی فہرست گرام وکاس محکمے کو بھیجی ہے۔ گرام وکاس محکمے نے ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو افسران (CEO) کے لیے سرکلر جاری کرتے ہوئے ان ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
ریاست میں جولائی گزشتہ سال سے ’وزیر اعلیٰ ماجھی لاڈلی بہن اسکیم‘ شروع کی گئی۔ اس اسکیم کے تحت مستحق خواتین کو ماہانہ 1,500 روپے دیے جاتے ہیں۔ حکومت نے اس اسکیم کے لیے اہل خواتین کے لیے واضح شرائط مقرر کی تھیں۔ تاہم، انتخابی دور میں اس اسکیم کا اعلان کیے جانے کی وجہ سے سخت جانچ پڑتال نہ ہونے کے سبب کئی غیر اہل افراد نے بھی اس کا فائدہ حاصل کیا۔ ان میں ضلع پریشد کے افسر اور ملازمین بھی شامل ہیں۔ یہ بات محکمہ اطلاعات و ٹیکنالوجی کی رپورٹ میں سامنے آئی۔ خواتین و بچوں کی ترقیات محکمے نے یہ فہرست فوری طور پر گرام وکاس محکمے کو بھیج دی ہے، جس کے بعد گرام وکاس محکمے نے تمام CEOs کو کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
احکامات میں کہا گیا ہے کہ ایسے ملازمین پر ’مہاراشٹر سول سروس‘ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔ ضلع پریشد ایک خود مختار ادارہ ہے اور اس کے ملازمین کی تقرری اور محکمہ جاتی کارروائی کی ذمہ داری متعلقہ CEO پر ہی ہوتی ہے۔ اس لیے ان ملازمین پر کارروائی کر کے اس کی رپورٹ خواتین و بچوں کی ترقیات محکمے کو فوری طور پر پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔