مہاراشٹر میں پانچ آئی اے ایس افسران کے تبادلے، ورشا مینا اکولہ کی کلکٹر، سنجے چوہان پربھنی کے کلکٹر مقرر

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاست مہاراشٹر میں آئی اے ایس (IAS) افسران کے تبادلے مسلسل جاری ہیں۔ پچھلے ہفتے ہی سات افسران کے تبادلے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جن میں ڈاکٹر اشوک کرنجکر کو مہاراشٹر اسٹیٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کا ممبر سکریٹری اور سنجے کولٹے کو ممبئی کے شیوشاہی ریہبلیٹیشن پراجیکٹ کا منیجنگ ڈائریکٹر بنایا گیا تھا۔
اب ایک بار پھر پانچ آئی اے ایس افسران کے تبادلے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں وشِم، اکولہ اور پربھنی اضلاع کے کلکٹر بھی شامل ہیں۔
یوگیش کھمبےجکر کو واشِم کے کلکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
رگھوناتھ گاوڈے کو ممبئی میں ایڈیشنل اسٹامپ ڈیوٹی کنٹرولر بنایا گیا ہے۔
سنجے چوہان کو پربھنی کے کلکٹر کے طور پر ذمہ داری دی گئی ہے۔
ایس بھوونیشوری کو مہاراشٹر اسٹیٹ سیڈ کارپوریشن (مہابیج) اکولہ کی منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
ورشا مینا کو اکولہ کی کلکٹر بنایا گیا ہے۔
کون ہیں ایس بھوونیشوری؟
ایس بھوونیشوری، آئی اے ایس 2015 بیچ کی افسر ہیں اور تمل ناڈو کے مدراس کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے کمپیوٹر سائنس میں پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پروبیشن پیریڈ میں کولہاپور میں اسسٹنٹ کلکٹر اور ایوت محل کے پنڈھرہ کورا میں ایس ڈی او کے طور پر کام کیا۔ بعد ازاں وہ ناشک اور بھنڈارہ ضلع پریشد کی سی ای او رہیں، ناگپور میں اسمارٹ سٹی کی سی ای او، ونامتی کی ڈائریکٹر جنرل اور دھولیہ ضلع پریشد کی سی ای او کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
بھوونیشوری نے کہا ہے کہ وہ ضلع میں صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دیں گی اور عوامی ترجیحات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کام کریں گی۔