’ٹی اے ائی ٹی‘ کا نتیجہ کیوں تاخیر کا شکار؟ امتحان کونسل کی وضاحت ؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

پونے: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹر اسٹیٹ امتحان کونسل کی جانب سے لی جانے والی اساتذہ اہلیت و ذہانت جانچ (TAIT) کا نتیجہ تاخیر کا شکار ہونے سے ریاست بھر کے امیدواروں میں بےچینی پائی جا رہی ہے۔ اس بارے میں امتحان کونسل نے پیر کو وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ امتحانات کے نتائج کی معلومات یکجا کرنے میں وقت لگ رہا ہے، اسی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔
اسٹیٹ امتحان کونسل کی کمشنر انورادھا اوک نے پریس ریلیز کے ذریعے بتایا کہ کونسل نے آئی بی پی ایس کے ذریعے یہ امتحان 27 سے 30 مئی اور 2 سے 6 جون کے دوران منعقد کیا۔ ریاست کے 26 اضلاع میں کل 60 امتحانی مراکز پر روزانہ تین شفٹوں میں یہ ٹیسٹ لیا گیا۔ اس کے لیے رجسٹر ہونے والے 2 لاکھ 28 ہزار 808 امیدواروں میں سے 2 لاکھ 11 ہزار 308 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔ امتحان کو ہوئے دو ماہ گزر چکے ہیں مگر نتیجہ ابھی جاری نہیں ہوا، جس سے امیدوار پریشان ہیں۔
کونسل کے مطابق، امیدواروں کو لازم تھا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ اہلیت (بی ایڈ، ڈی ایل ایڈ وغیرہ) کا مارک شیٹ یا دیگر درست سند کامیابی کی تاریخ سے ایک ماہ کے اندر اسٹیٹ امتحان کونسل میں جمع کرائیں۔ چونکہ مختلف اداروں کے پیشہ ورانہ امتحانات کے نتائج مختلف اوقات میں آتے ہیں، اس لیے 2025 کی اساتذہ اہلیت و ذہانت جانچ کے نتائج کی تیاری میں تاخیر ہو رہی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ڈی ایل ایڈ کا نتیجہ 5 اگست کو جاری کیا گیا ہے اور اہل امیدواروں کی جانچ کے بعد TAIT 2025 کا نتیجہ جلد ہی اسٹیٹ امتحان کونسل کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔
کونسل نے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ یوٹیوب چینلز، سوشل میڈیا پر آنے والی غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں، بلکہ صرف سرکاری ویب سائٹ پر شائع ہونے والی معلومات پر انحصار کریں۔ کسی بھی افواہ پر یقین کرنے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔