ہوشیار!!!!! کیا آپ کے پاس دو الیکشن کارڈ ہیں؟ پکڑے جانے پر کیا ہو سکتا ہے؟ کیا ہے اس کی سزا ؟ اس کے قوانین جاننے کے لئے پڑھیں تفصیلی رپورٹ

اسپیشل رپورٹ
انتخابات، ووٹنگ اور ووٹر لسٹوں کو لے کر گزشتہ کچھ دنوں سے کافی ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ اسمبلی اور مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات ہونے والے ہیں، اس لیے اس موضوع پر سیاست میں گرما گرمی ہے۔ اپوزیشن نے حکمراں جماعت پر سخت حملے کیے ہیں۔ یہاں تک کہ الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ بہار اسمبلی انتخابات میں دو ووٹر آئی ڈی کا معاملہ کافی گرمایا ہوا ہے۔ آر جے ڈی کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے پاس دو ووٹر آئی ڈی پائے گئے ہیں۔ اس پر الیکشن کمیشن نے ان سے وضاحت طلب کی ہے۔ اس دوران دو ووٹر آئی ڈی کا مسئلہ بحث میں آگیا ہے۔
ہندوستان میں دو ووٹر آئی ڈی کارڈ رکھنے والے لوگوں کی صحیح تعداد بتانا مشکل ہے، لیکن الیکشن کمیشن، اے ڈی آر اور میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تعداد لاکھوں میں ہو سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، 1.2 کروڑ لوگوں کے نام ڈپلیکیٹ، فوت شدہ یا غلط پتے پر درج پائے گئے ہیں۔ ان میں سے کچھ کے پاس دو ووٹر آئی ڈی کارڈ بھی تھے۔
دو ووٹر آئی ڈی کے بارے میں کیا ہے قانون؟
ہندوستان میں دو ووٹر کارڈ رکھنا جرم ہے۔ "لوک سبھا نمائندگی قانون 1950” کے مطابق کوئی بھی شخص ایک سے زیادہ حلقہ انتخاب میں ووٹ نہیں دے سکتا۔
دفعہ 17 کے مطابق کسی بھی شخص کو ایک سے زیادہ حلقہ انتخاب کی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔
دفعہ 18 کے مطابق ایک ہی حلقے میں ایک ہی شخص کا اندراج صرف ایک بار ہو سکتا ہے۔
اگر کسی شخص نے جھوٹی معلومات دے کر یا دھوکہ دہی سے ووٹر لسٹ میں اپنا نام دو بار درج کرایا ہو اور اس کے پاس دو ای پی آئی سی (EPIC) کارڈ ہوں، تو یہ دفعہ 31 کی خلاف ورزی ہے۔
یہ ایک ناقابل گرفت (Non-Cognizable) جرم ہے، یعنی پولیس مجسٹریٹ کے حکم کے بغیر ایف آئی آر درج نہیں کر سکتی، لیکن یہ قابل سزا جرم ہے۔
اگر آپ نے دونوں ووٹر کارڈ یا دونوں شناختی کارڈ شناخت کے طور پر استعمال کیے ہیں تو یہ انتخابی دھوکہ دہی ہے۔
الیکشن کمیشن آپ کو نوٹس بھیج سکتا ہے، آپ کے خلاف ایف آئی آر درج ہو سکتی ہے، آپ پر مقدمہ چل سکتا ہے اور آپ کا نام ووٹر لسٹ سے نکالا جا سکتا ہے۔
سزا کے طور پر آپ کو ایک سال تک قید یا جرمانہ یا دونوں ہو سکتے ہیں۔
اگر آپ کے پاس دو ووٹر آئی ڈی ہیں تو کیا کریں؟
اگر آپ کے پاس دو ووٹر آئی ڈی ہیں تو فارم 7 بھر کر ایک کارڈ جمع کرا دیں۔ مقامی بوتھ لیول آفیسر (BLO) سے رابطہ کر کے اصلاح کروائیں۔ ایسا کرنے پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ ڈپلیکیٹ یا پرانا ووٹر کارڈ منسوخ کروائیں اور پرانے کارڈ کی تفصیل الیکشن آفس میں جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جا کر بھی آپ اپنا اضافی ووٹر آئی ڈی کارڈ منسوخ کرا سکتے ہیں۔