مہاراشٹر

"ٹی ای ٹی امتحان میں آسان سوالات کو پہلے حل کرنے سے خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے” ; اورنگ آباد کے ٹی ای ٹی رہنمائی ورک شاپ میں ایکسپرٹ سیّد علی انجم رضوی کا اظہارِ خیال

اورنگ آباد : ” ٹی ای ٹی امتحان کی سطحِ دشواری (Difficulty Level) بہت زیادہ ہے۔ گوکہ اس امتحان کے دونوں پرچوں کا نصابِ تعلیم پرائمری سطح کا ہے، مگر سوالات کا نہج ہائی اسکول اور جونیئر کالج کی سطح کا ہے۔ اسی وجہ سے امتحان دینے والے امیدوار سوالیہ پرچہ دیکھ کر کنفیوزن کا شکار ہو جاتے ہیں اور درست جوابات نہیں لکھ پاتے۔ اس لیے امتحان گاہ میں اعتماد کی سطح کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے آسان سوالات حل کیے جائیں۔ اس سے امیدواروں کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا اور وہ مشکل سوالات بھی بآسانی حل کر پائیں گے۔”
ان خیالات کا اظہار ٹی ای ٹی ایکسپرٹ اور معروف صحافی مدرس سیّد علی انجم رضوی نے اپنے خصوصی لیکچر میں کیا۔
10 اکتوبر 2021 کو ہونے والے ٹی ای ٹی امتحان کی تیاری کے لیے آل مہاراشٹر مائناریٹی ایجوکیشن اینڈ ٹیچرز آرگنائزیشن (AMMESTO) نے اتوار 12 ستمبر 2021 کو دوپہر 1:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک ایک روزہ رہنمائی ورک شاپ کا انعقاد کیا۔ صدارت AMMESTO کے ریاستی صدر عبدالمقیم دیشمکھ (سُبُکدوش ایڈیشنل سی ای او) نے کی جبکہ بطور مہمانِ خصوصی مولانا آزاد کالج، اورنگ آباد کے پرنسپل ڈاکٹر محمد مظہر فاروقی نے اظہار خیال کیا۔ AMMESTO کے الہاج الدین فاروقی نے پروگرام کی غرض و غایت پیش کی اور مہمانوں کا تعارف کرایا۔ مولانا آزاد کیمپس، روضہ باغ میں واقع ہائر ایجوکیشن بلڈنگ میں منعقد ہونے والے اس مفت ورک شاپ میں 500 سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا۔ سابق ایجوکیشن آفیسر آر۔ ایس۔ مغل نے عام معلومات فراہم کی جبکہ فہیم انعامدار نے بچوں کی نفسیات کے موضوع پر رہنمائی کی۔ نظامت کے فرائض عبدالوہاب سر نے ادا کیے۔
عبدالمقیم دیشمکھ نے اپنی صدارتی تقریر میں اس قسم کے رہنمائی ورک شاپ کے انعقاد پر زور دیا اور آج کے اس مسابقتی دور میں اردو ذریعہ تعلیم کے طلبہ و طالبات کو آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔
وِکرم کاڑے، الہاج الدین فاروقی، محمد ایوب، سرپنچ حبیب سیٹھ، شیخ معین الدین خصوصی طور پر موجود تھے۔

kawishejameel

Jameel Ahmed Shaikh Chief Editor: Kawish e Jameel (Maharashtra Government Accredited Journalist) Mob: 9028282166,9028982166

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!