اہم خبریں

کولکاتہ میں جمعیت علمائے ہند سمیت دیگر اسلامی تنظیموں کے احتجاج کے بعد اردو اکادمی کا پروگرام منسوخ ؛ اسلام دشمن جاوید اختر کو کیا گیا تھا مدعو

کولکاتہ : (کاوش جمیل نیوز)‌ :کولکاتہ میں ہونے والا ایک بڑا ثقافتی پروگرام تنازعے کی نذر ہوگیا۔ بالی ووڈ کے مشہور نغمہ نگار اور شاعر جاوید اختر کے خلاف اسلامی تنظیموں کے احتجاج کے بعد مغربی بنگال اردو اکادمی نے ’’ہندی سینما میں اردو‘‘ کے عنوان سے طے شدہ تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ پروگرام 31 اگست سے 3 ستمبر تک ہونا تھا۔
احتجاج کی قیادت جمعیت علمائے ہند، کولکاتہ یونٹ نے کی۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری ظلّ الرحمٰن نے اکادمی کو خط لکھتے ہوئے کہا کہ جاوید اختر نے اسلام، مسلمانوں اور اللہ کے خلاف زہر اگلا ہے۔ یہ شخص انسان کے بھیس میں شیطان ہے، اسے کسی بھی پلیٹ فارم پر جگہ دینا ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو ادب اور صحافت کی دنیا میں بے شمار باکمال شخصیات موجود ہیں، جنہیں اس تقریب کے لیے مدعو کیا جا سکتا ہے۔ پروگرام منسوخی کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے ممتا بنرجی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسلام پسند دباؤ کے سامنے جھک گئی ہے۔
ادھر مشہور ڈرامہ نگار صفدر ہاشمی کی بہن اور سماجی کارکن شبنم ہاشمی نے جاوید اختر کی کھل کر حمایت کی۔ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ تو شروعات ہے، میں پہلے ہی خبردار کر چکی تھی کہ مسلمانوں میں دائیں بازو کی تنظیموں کو طاقت دینا خطرناک ہے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ دائیں بازو کی مسلم تنظیموں کے خلاف آواز اٹھانے پر دہلی کے سول سوسائٹی نے بھی انہیں منظم طریقے سے الگ تھلگ کیا تھا۔ ساتھ ہی جاوید اختر کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ آنے پر راضی ہیں تو میں کولکاتہ میں نیا پروگرام منعقد کرنے کے لیے تیار ہوں۔ یہ تنازعہ اب صرف ایک پروگرام تک محدود نہیں رہا بلکہ مغربی بنگال کی سیاست اور سماجی حلقوں میں زبردست بحث چھیڑ چکا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!