مہاراشٹر

‘سرگرمی اساس تدریس ہی ابتدائی تعلیم کی بنیاد……. حسنین عاقب ؛ پوسد ؛ غلام نبی آزاد اردو ڈی ایڈ کالج،میں استقبالیہ تقریب

پوسد: (واثق نوید) : مہاراشٹر کے شہر پوسد میں غلام نبی آزاد اردو ڈی ایڈ کالج میں گزشتہ روز سال رواں یعنی23 – 2022 کالج میں داخلہ لینے والے متعلم معلمین کے لیے ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی ۔ اس تقریب میں سال اول میں داخلہ لینے والے طلباء وطالبات شامل تھے۔ اس تقریب کی میزبانی سال اول سینئر کے متعلم معلمین کی جانب سے انجام دی گئی ۔ تقریب میں زیر تربیت متعلم معلمین نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا ۔ تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل شہاب الدین شیخ نے کی ۔ مہمان خصوصی کے طور پر غلام احمد خان، سینئر لکچرر اور معروف شاعر، ادیب و مترجم خان حسنین عاقب موجود تھے ۔ دیگر اساتذہ میں نثار احمد خان، محمد عبدالستار اور محمد شمس نوید خان بھی اسٹیج پر موجود تھے ۔
سب سے پہلے کالج کے اساتذہ نے اپنا مختصر تعارف طلبہ کو پیش کیا ۔ بعد از ایں نووارد متعلم معلمین نے اپنا تعارف دیا ۔ اس رسمی تعارف کے بعد ان سے خواہش کی گئی کہ وہ اپنے رجحانات، ذوق اور مشاغل سے بھی واقف کروائیں ۔ زیر تربیت معلمین نے بڑی خوشدلی سے اس بارے میں اپنے خیالات سانجھا کئے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی غلام احمد خان نےطلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں ایک معزز پیشے میں داخل ہونے پر مبارکباد دی اور تدریس کی جانب مثبت رویہ رکھنے کی نصیحت کی ۔ اپنی صدارتی تقریر میں جناب شہاب الدین شیخ نے طلباء سے اپنے نومنتخبہ پیشے کو ایک سماجی ذمے داری سمجھتے ہوئے اس کے لیے ایماندار رہنے اور محنت کرکے اپنے پیشے میں اپنا مقام بنانے کی تحریک دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پڑھائی برائے نام نہ کی جائے بلکہ سیکھنے سکھانے کے جذبے سے کی جائے ۔ خصوصی طور پر خان حسنین عاقب نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ابتدائی جماعتوں میں تدریس کرنے والے معلمین کی تربیت کے لئے مختص ہے اس لیے زیر تربیت متعلم معلمین کو یہ سمجھ لینا چاہیےکہ سرگرمی اساس تدریس ہی موجودہ دور میں ابتدائی تعلیم کی بنیاد ہے ۔ تعلیم کو ابتدائی جماعتوں میں اگر نئی ٹیکنالوجی اور نئے وسائل سے نہیں جوڑا گیا تو تعلیم کے مقاصد حاصل ہونے میں کامیابی نہیں مل سکے گی ۔ اس موقع پر پرنسپل شہاب الدین شیخ نے متعلم معلمین کو خان حسنین عاقب کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے ان کی ہمہ جہت ادبی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ متعلم معلمین کے لیے خوش نصیبی کی بات ہے کہ انہیں دسیوں کتابوں کے مصنف اور عالمی شہرت یافتہ ادیب و شاعر خان حسنین عاقب جیسے معلم میسر آئے ہیں ۔
متعلم معلمین کی جانب سے سال اول سینئر کے متعلم معلم منہاج احمد نے اساتذہ و مہمانان اور شریک طلبہ کا شکریہ ادا کیا ۔ یوں یہ استقبالیہ تقریب نہایت کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی ۔

kawishejameel

Jameel Ahmed Shaikh Chief Editor: Kawish e Jameel (Maharashtra Government Accredited Journalist) Mob: 9028282166,9028982166

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button
error: Content is protected !!