اکولہ: اصلاحِ معاشرہ و تکمیلِ حفظ قرآن کریم ؛ بالاپور میں دو روزه عظیم الشان اجلاس

اکولہ: (واثق نوید) 13اور14جنوری بروز جمعہ اور سنیچر سرزمینِ بالاپور ضلع اکولہ مہاراشٹر کی دینی مرکزی درسگاہ مدرسہ جامع العلوم کے زیرِ اہتمام باشتراک جمعیۃ العلماء بالاپور بعنوان اصلاحِ معاشرہ و تکمیلِ حفظ قرآن کریم مدرسہ کے وسیع و عریض میدان میں دو روزہ عظیم الشان اجلاس عام اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں بحیثیت صدر جلسہ نمونۂ اسلاف، پیر طریقت حضرت مولانا محمد قمر الزمان صاحب الٰہ آبادی خلیفہ و مجاز مصلح الامت حضرت مولانا وصی اللہ صاحب ؒ اور بحیثیت مقررین، حضرت مولانا اسمٰعیل بھوٹا صاحب مہتمم جامعۃ البنات ٹنکاریہ گجرات، جمعیۃ العلماء کی سرکردہ شخصیت حضرت مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ العلماء مہاراشٹر، خطیب بے باک حضرت مولانا مفتی محمد ہارون ندوی صاحب صدر جمعیۃ العلماء جلگاؤں خاندیش اور بحیثیت مہمانانِ خصوصی حضرت مولانا مفتی حفیظ اللہ صاحب ناظم تنظیم جمعیۃ العلماء مہاراشٹر بھیونڈی، حافظ خلیل اللہ امینی صاحب صدر جمعیۃا لعلماء بلڈانہ، الحاج ناطق الدین خطیب صاحب سابق ایم،ایل،سی بالاپور، جناب عین الدین خطیب صاحب چیرمین نگر پریشد بالاپور،وغیرہ علمائے کرام اورحفاظ عظام اوربحیثیت مہمانان عمومی و سامعین ،بالاپور، اکولہ ،بلڈانہ،امراؤتی اور مہاراشٹر کے قریب و بعید مختلف اضلاع کے بے شمار علماء،حفاظ،ائمہ کرام اور عوام کے ایک جم غفیر نے پروانہ وار شرکت کی۔پہلے دن عصر کے بعد پروگرام شروع ہوا اور تقریباًگیارہ بجے تک پوری کامیابی کے ساتھ چلتا رہا۔ شروع میں مدرسہ کے طلبہ نے مختصر لیکن انتہائی دلچسپ ،سبق آموز اور قابل دید و شنید پروگرام پیش کرکے حاضرین جلسہ کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔اس کے بعد بڑوں کی باری آئی تو بے باک مقرر حضرت مولانا مفتی ہارون ندوی کل ہند صدر وائس آف میڈیا نے اپنی شعلہ بیانی کے پرتو میں قرآن و حافظ قرآن کی عظمت ،علم دین،علماء او ر مدارس دینیہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لوگوں کو ان کی قدر دانی کی طرف متوجہ فرمایا اور مدرسہ جامع العلوم کی روز افزو ں ترقی سے متاثر ہوکر مدرسہ اور ذمہ داران مدرسہ کی دل کھول کر سراہنا کی اور بہت دعاؤں سے نوازا۔ اس کے بعد قائد قوم و ملت حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب نے اپنی فصاحت بیانی کے جلو میں بلا تفریق مذہب و ملت حقوق انسانی کی ادائیگی ،آڑے وقت میں ان کے ہمہ جہتی تعاون کو آخرت کی کامیابی اور نجات کا ذریعہ بتایا۔ پھر حضرت مولانا قمر الزمان صاحب کے فرزند ارجمند حضرت مولانا محبوب صاحب نے ایمان کے اہم شعبوں پر روشنی ڈالی۔ سامعین نے ہمہ تن گوش ہو کر دل جمعی کے ساتھ ان کے بیانات کو سنا اور بہت متاثر ہوئے۔ اخیر میں صدر جلسہ حضرت مولانا قمر الزمان صاحب کا رقت آمیز علمی،عرفانی اور روحانی بیان ہوا۔ آپ نے بطور خاص تقویٰ اور حسن خلق کو اختیار کرنے کی ترغیب دی اور حفظ مکمل کرنے والے سعادت مند طلبہ نے حضرت الہٰ آبادی کے سامنے قرآن کریم کی آخری سورت پڑھ کر اس کی تکمیل کی اور ان کے سروں پر بزرگوں کے ہاتھوں دستار اعزاز سجائی گئی۔پھر بحکم صدر حضرت مفتی ہارون ندوی صاحب کی پرسوز دعاؤں پر پہلے دن کا پروگرام بفضلہ تعالیٰ اختتام پذیر ہوا۔
دوسرے دن شیخ طریقت حضرت مولانا قمر الزمان الٰہ آبادی کے دست اقدس سے لڑکیوں کے جدید مدرسہ اور ایک رفاہی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس میں مفکر ملت حضرت مولانا اسمٰعیل بھوٹا صاحب گجرات، حضرت الٰہ آبادی کے دو صاحب زادے حضرت مولانا عبداللہ و حضرت مولانا محبوب صاحب ،مدرسہ ہٰذا کے بانی و مہتمم حضرت مولانا مفتی محمد اسلم صاحب قاسمی و بستوی اور قریب و بعید کے بہت سے علماء ،حفاظ، ائمہ کرام اور عوام نے شرکت کی۔حضرت والا کی مستجاب دعاؤں اور حاضرین کی پرخلوص آمین پر سنگ بنیاد کا مبارک سلسلہ پورا ہوا۔ اس کے بعد بیعت و سلوک کی مجلس ہوئی جس میں بہت سے لوگ آپ سے بیعت ہوئے اور بالآخر دوسرے دن کا بھی پروگرام بحسن و خوبی پایۂ تکمیل کو پہنچا۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں حاجی سہیل چودھری صاحب ممبئی، محمد اکرم ممبر صاحب بالاپور ،مفتی محمد احمدقاسمی و مولانا محمد عمر صاحب( صاحبزادگان حضرت مفتی محمد اسلم صاحب قاسمی بستوی) ، مولانا خورشید احمد صاحب قاسمی ،محمد صادق، محمد رازق (فرنیچر والے بالاپور) مولانا شیخ معین اسلمی باڑے گاؤں،مولانا صدام پٹھان جے پور ،سیّد کبیر سیّد بسم اللہ اور مدرسے کے جملہ مدرسین و ملازمین اور طلبہ کی بڑی محنت اورنمایاں کردار رہا۔