حالات کا رونا رونا یا حالات کی وجہ سے پژمردگی اس امت کے شایانِ شان نہیں ہے: مولانا حلیم اللّٰہ قاسمی ؛ منٹھا میں جمعیت علماء کے شاندار اجلاس کا انعقاد
جالنہ: اس دنیا میں از روز اول تا ہنوز سارے انسان حالات سے نبرد آزما رہے چاہے وہ انبیاء علیہم السلام ہوں چاہے صحابہ و تابعین اور ان کے صالح اخلاف کی جماعت ہو سب لوگ آزمائشوں ، ابتلاءات اور مصائب سے گذرے ہیں ان سب حالات میں ان حضرات نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ایمانی اور اسلامی راہ سے ہٹے نہیں ان کے پایۂ استقلال میں لرزش و لڑکھڑاہٹ پیدا نہیں ہوئی انہوں نے ہمیشہ حالات کے دوران اسلامی تقاضوں کو پورا کیا آج بھی ہمیں اس ملک میں جن حالات کا سامنا ہے ان میں ہمیں اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلنا ہوگا، اسی میں ہماری کامیابی وکامرانی مضمر ہے حالات کا رونا رونا یا حالات کی وجہ سے پژمردگی اس امت کے شایانِ شان نہیں ہے ان خیالات کااظہار حضرت مولانا حلیم اللّٰہ قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیت علماء مہاراشٹر نے گذشتہ روز ٢٨- جولائی بروز اتوار کوجمعیت علماء تعلقہ منٹھا کے زیر اہتمام عظیم الشان اجلاس سے مفصل و بصیرت افروز خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد مرکز میں کیا ،
اس سے پہلے مولانا سیّد نصراللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیت علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں دینی دعوتی تعلیمی ملی تمام شعبوں کی مسلمہ افادیت اور اہمیت بتلائی، اور تمام شعبوں سے متعلق تنظیموں جماعتوں کو ایک دوسرے سے قریب ہونا چاہیے نہ کہ رقیب ، جماعتی و مسلکی عصبیت نے ملت اسلامیہ کو سب زیادہ نقصان پہنچایا ہے ، آپ نے جمعیت علماء ضلع جالنہ کی حالیہ سال کے دوران کی چند اہم و کامیاب کاوشوں کا تذکرہ کیا ،مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی صدر جمعیت علماء مرہٹواڑہ نے جمعیت علماء ہند کی جو ممبر سازی جاری ہے اس کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم جمعیت علماء کے کاز سے جڑ کر ملت کے استحکام کا ذریعہ بنیں،قاری عبدالرشید حمیدی جنرل سیکریٹری جمعیت علماء مرہٹواڑہ نے مہمانان خصوصی کا مفصل تعارف کروایا ،مہمان خصوصی حضرت مولانا مفتی حفیظ اللہ ناظم تنظیم جمعیت علماء مہاراشٹر نے جمعیت علماء ہند کی زریں خدمات اور کاموں کو قرآنی آیت ” لَا خَيۡرَ فِىۡ كَثِيۡرٍ مِّنۡ نَّجۡوٰٮهُمۡ اِلَّا مَنۡ اَمَرَ بِصَدَقَةٍ اَوۡ مَعۡرُوۡفٍ اَوۡ اِصۡلَاحٍۢ بَيۡنَ النَّاسِ ؕ واحادیث مبارکہ کی روشنی میں پیش کیا ، اور کہا کہ آج فرقہ پرستی کے مقابلے میں جمعیت علماء انسانیت اور آپسی بھائی چارہ جو اس ملک کی اولین ضرورت ہے اس کے لیے جدوجھد کررہی ہے وہ قابل تحسین ہے ،مولانا عیسیٰ خان کاشفی نے دینی و ملی سرگرمیوں میں جڑنے اور شامل ہونے کی ضرورت پر خطاب کیا ،
جلسہ کی کامیاب نظامت مفتی ریاض ندوی نے کی اور حسب ضروت بہترین اشعار پیش کرکے اپنے اعلیٰ ذوق کا مظاہرہ کیا ،باز خان رکن جمعیت علماء کی تحریک پر مولانا عیسیٰ خان کاشفی نے مہمانان خصوصی کا گل پوشی کے ذریعہ استقبال کیا ،دیگر شرکاء جلسہ میں مولانا سراج ندوی لکچرر جنتور ، مولانا محمد اظہر کاشفی ، معین لالہ خان صاحب امیر جماعت منٹھا ، الحاج سید عرفان صدر مرکز مسجد ،مولانا عبد الجبار امام مرکز مسجد ، مولانا سیّد احسان ندوی ، مفتی سید عذیر ندوی ،حافظ محمد شباب باغبان صدر جمعیت علماء ارشد مدنی تعلقہ منٹھا ، مفتی محمد عارف اشاعتی ، حاجی موسیٰ سیٹھ قریشی ، سید فضیل حسینی،حاجی شباب قریشی جنرل سیکریٹری جمعیت علماء منٹھا ، حافظ سید مطیع اللہ حسینی ،چافظ خضر خان و مقامی علماء ، ائمہ کرام اور عمائدین شہر تھے، عوام و خواص کے بڑے جم غفیر نے اس اجلاس میں شرکت کرکے اپنی دینی و ملی حمیت کا مظاہرہ کیا ، حافظ ڈاکٹر محمد شباب باغبان صدر جمعیت علماء اور حاجی محمد عرفان اور ان کے ساتھیوں کی انتھک کوششوں سے یہ اجلاس کامیابی سے ہم کنار ہوا،