مہاراشٹر

اکولہ ضلع کے پنجر میں پیش آیا دردناک واقعہ ؛ 7 سالہ شیخ عفان کا چچیرے بھائی نے کیا قتل ؛ وجہ جان کر آپ بھی ہونگے حیران ؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

اکولہ: (کاوش جمیل نیوز) : 19 دسمبر سے لاپتہ 7 سالہ شیخ عفان شیخ ایوب کی نعش 13 دن کے بعد ہفتہ (29 دسمبر) کو شام 4 بجے اس کے گھر سے 2 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک کنویں سے ملی۔ اس واقعے سے کہرام مچ گیا، جب کہ حادثے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ اب میڈیکل رپورٹ میں واضح ہوا ہے کہ شیخ عفان کا گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ اکولہ پولس کی لوکل کرائم برانچ نے پانچ دنوں میں تفتیش مکمل کر کے پورے معاملے کا پردہ فاش کر دیا۔ مقتول شیخ عفان کے کزن نے اسے قتل کر کے نعش کنویں میں پھینک دی۔ یہ واقعہ اکولہ ضلع کے پنجر تھانہ حدود کے تحت پنجر گاؤں میں پیش آیا۔
لوکل کرائم برانچ کے سربراہ شیلیش شیلکے کے مطابق، پنجر کے ایک عام خاندان سے تعلق رکھنے والے شیخ ایوب شیخ باغوان کا 7 سالہ بیٹا شیخ عفان 19 دسمبر 2023 سے لاپتہ تھا۔ پنجر پولس میں اس کے اغوا کی شکایت درج ہوتے ہی ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت پورا پولس نظام کام پر لگ گیا۔ آخر کار دس دن بعد پولیس کو شیخ عفان کی نعش ملی۔
اس لاپتہ بچے کی نعش پنجر علاقے کے کنویں سے ملی۔ پنجر پولیس کتوں کی مدد سے مغوی سات سالہ بچے کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو گئی۔ اس وقت کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سندیپ گھُگے کی رہنمائی میں لوکل کرائم برانچ اور پنجر پولیس نے شیخ عفان کا سراغ لگانے کے لیے دن رات کام کیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شیخ عفان کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں پولیس سپرنٹنڈنٹ بچن سنگھ نے مقامی کرائم برانچ کے سربراہ شنکر شیلکے کے ساتھ پنجر پولیس کی میٹنگ کر کے جرم کی جانچ کے سلسلے میں اہم ہدایات دی تھیں۔ پولیس نے واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے نئے سرے سے تفتیش شروع کی اور دوران تفتیش کچھ باتیں سامنے آئیں۔ مقتول کے 17 سالہ کزن سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے اپنے بھائی کو گلا دبا کر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق 19 دسمبر کو مقتول شیخ عفان اور اس کا کزن 17 سالہ قاتل بھائی موقع پر کنویں کے قریب کبوتر پکڑنے گئے تھے۔ اسی دوران کنویں کے قریب ایک کمرے میں کبوتر بڑی تعداد میں تھے، دونوں انہیں پکڑنے آئے تھے۔ کمرہ کئی دنوں سے استعمال نہ ہونے کی وجہ سے بند تھا تو دونوں کھڑکی سے اندر داخل ہوئے۔ مقتول شیخ عفان کھڑکی کے پاس رک گیا اور کھڑکی اور کبوتر کے ساتھ ٹشو باندھ دیا۔ تھوڑی دیر بعد شیخ عفان نے کبوتر کو چھوڑ دیا، کبوتر چھوڑنے سے بڑے بھائی کو غصہ آیا اور اس سے بحث کی۔ جھگڑے کے دوران اس نے شیخ عفان کا گلا دبا کر نعش کو کنویں میں پھینک دیا۔
لڑکا لاپتہ ہونے پر والد نے لڑکے کو ڈھونڈنے پر انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔ یہ انعام تقریباً ڈیڑھ لاکھ کا تھا۔ اس کے علاوہ اگر لڑکا نہیں ملا تو آل انڈیا سرپنچ ایسوسی ایشن کی تعلقہ شاخ نے 2 جنوری سے ضلع افسر کے دفتر کے سامنے غیر معینہ مدت تک بھوک ہڑتال کرنے کا انتباہ دیا تھا ۔ ادھر لاپتہ شیخ عفان کی نعش جیسے ہی کنویں سے نکالی گئی تو اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ شیخ عفان کی میت دیکھ کر تمام حاضرین کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس معاملے میں‌مزید جانچ شروع ہے.( بشکریہ مہاراشٹر ٹائمزاکولہ)

kawishejameel

chief editor

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے !!