حاجی سید اکبر اسکول پاتور میں یوم جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اکولہ: (ڈاکٹر محمد ذاکر نعمانی) :حاجی سید اکبر اسکول اینڈ جونیئر کالج، پاتور کے زیر انتظام لوکہت شکشن پرسارک منڈل پاتور میں 26 جنوری 2024 کو اسکول میں 75 واں یوم جمہوریہ منایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریب سی ای او جناب سید اکبر عبداللہ سید محسن نے انجام دی۔ بعد ازاں مولوی سید شجاع الدین اشرفی صاحب کی صدارت میں ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اسکول کے پرنسپل شیخ نصرت اللہ اور پرائمری اسکول کے صدر مدرس سید ساجد نے تمام معززین کا گلدستے دےکر استقبال کیا۔ پہلی سے بارہویں جماعت کے طلباء نے مختلف تقاریر اور حب الوطنی کے گیت پیش کیے، اس موقع پراسٹیج پر تشریف فرما تمام معزز مہمانوں نے طلباء کی رہنمائی کی اور کہا کہ طلباء اس ملک کا مستقبل ہیں، آپ اچھی پڑھائی اور خوب محنت کر کے اس ملک کی ترقی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ پروگرام کی نظامت ا سکول معاون مدرس محمد عمران اور سید تذکّیر نے کی۔ اور اظہارِ تشکر اسکول کے پرنسپل شیخ نصرت اللہ نے ادا کیے ۔اسکول کے تمام اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں محنت کی اور اس موقع پر والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔