شعبہ اُردوسولاپوریونیورسٹی کے زیراہتمام عالمی یوم اُردو کا انعقاد
شولاپور: (اقبال باغبان) : پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر سولاپور یونیورسٹی سولاپور اسکول آف لنگویجیس اینڈ لٹریچر شعبہ اردو کے زیر اہتمام 9،نومبر 2023 کو عالمی یوم اردو موقع پر “کلام اقبال میں حب الوطنی کے عناصر ” کے عنوان پر بھاشہ سنکل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کیدارناتھ کانونے کی صدارت میں آن لائن توسیعی خطبہ کا انعقاد کیا گیا۔ شعبہ اردو کی پروفیسر اور پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر سمیہ باغبان نے پروگرام کے صدر ڈاکٹرکانونے، مہمان خصوصی ڈاکٹر علیم اللہ حسینی، صدرشعبۂ اُردو انجمن ڈگری کالج بیجاپور اور تمام شرکا کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر کیدارناتھ کانونے ورک شاپ کی افتتاح اور پروگرام کی غرض غایت پیش کی۔ پروگرام کے روح رواں اور مقرر خاص صدر شعبہ اُردو انجمن آرٹس کامرس اینڈ سائنس کالج بیجار نے اپنے توسیعی خطبے میں کلام اقبال میں حب الوطنی کے عناصر اس عنوان پر سیر حاصل معلومات دی۔ اپنی تقریرمیں ڈاکٹر حسینی نے اقبال کی وطن سے محبت، یکجہتی،اتحاد، کے متعلق کلام اقبال سے مختلف اشعار سنائے اور نہایت سادہ و سلیس انداز میں مختلف مثالوں کے ساتھ اپنا مدعا سنایا۔ صدارتی تقریر میں ڈاکٹر کانونے تمام محبان اردو کو عالمی یوم اردو کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اقبال ایک محب وطن شاعر تھےاور انہوں نے ملک میں قومی یکجہتی قائم کرنے کے لیے سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا جیسی نظم لکھی۔ اقبال نے اردو زبان کو فروغ دینے میں کافی اہم رول ادا کیا ہے۔ اسی لیے ان کی یوم ولادت پر عالمی یوم اردو منایا جاتا ہے۔اس پروگرام میں شعبہ اردو کے طلبا وطالبات ،ریسرچ اسکالرس اسکول آف لنگویجیس اینڈ لٹریچر کے اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر شفیع چوبدارنے شعبہ اردو اور تمام شرکاء کو عالمی یوم اردو کی مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹر سمیہ باغبان نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیے اور تمام انتظامی امور بہ حسن خوبی انجام دئے۔ شعبہ اردو کی پروفیسرڈاکٹر عائشہ پٹھان نے مہمان خصوصی کا تعارف اور شکریہ کی رسم ادا کیا۔