اہم خبریں

میوات میں بے قصور گرفتار شدگان کو انصاف دلانے کی مہم ؛ جمعیۃعلماء ہند کی قانونی ٹیم کی کوششوں سے اب تک159 ضمانتیں منظور؛ بے قصوروں کو انصاف ملنے سے عدالت پر عوام کا اعتماد بڑھتا ہے: مولانا محمود اسعد مدنی

نئی دہلی: 4 ؍اکتوبر 2023 : ۔میوات میں اولِ یوم سے فساد متاثرین کی مدد کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کی آئینی کوششوں سے اب تک 159 ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں ۔ جمعیۃ کے سامنے ریلیف و بازآبادکاری کے علاوہ ایک بڑا کام ان لوگوں کو بھی آزاد کرانا ہے، جن کو پولس نے بلا کسی ثبوت گرفتار کیا ہے، میوات کے گائوں کے رہنے والے لوگ جنھوں نے آج تک عدالت کی شکل تک نہیں دیکھی ، ان کے خاندان کے لیے یہ ایک مشکل ترین مرحلہ ہے۔
جمعیۃ علما ء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر نوح کے معروف وکیل طاہر حسین روپڑیا کی قیادت میں وکیلوں کی ایک ٹیم ان بے قصوروں کی ہر ممکن قانونی مددکررہی ہے ۔ چنانچہ جمعیۃ علماء ہند208لوگوں کے مقدمات عدالت میں لڑرہی ہے ، اب تک جو ضمانتیں منظور ہوئی ہیں، ان میں ایسے لوگ ہیں جن پر قتل تک کا مقدمہ عائد کیا گیا ہے ۔عدالت نے ان مقدمات کی بنیاد کو کمزور بتاتے ہوئے اول مرحلے میں ضمانت دے دی ۔
ایڈوکیٹ محمد طاہرحسین روپڑیا نے بتایا کہ یہ ساری گرفتاریاں نوح میں ہوئے جھگڑے کے تناظر میں ایک خاص کمیونٹی کو نشانہ بناتے ہوئے ہوئی ہیں۔جب کہ وہ لوگ جنھوں نے 14مسجدوں کو نقصان پہنچایا، گروگرام اور میوات کے تائوڑو میں دکانوں ، کھوکھے اور ٹھیلوں کو جلا کر راکھ کردیا تھا ، وہ آزاد گھوم رہے ہیں ۔طاہر روپڑیانے عدالت میں جج کے سامنے پوری قوت سے یہ بات پیش کی کہ پولس اپنے مقامی جاسوسوں کے مشورے پر عمل کررہی ہے ، اسے ثبوت سے کوئی مطلب نہیں ہے ۔ حالاں کہ یہ سب لوگ غریب ، محتاج اور دیہاتی ہیں۔ ہماری کوششوں سے چند ہفتوں میں نے اتنی ضمانتوں کا ملنا خوش آئند ہے ۔
اس موقع پرقانونی اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا کہ بے قصورو ں کو انصاف ملنے سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہوتا ہے جو آج کے دور میں بہت اہم ہے، مولانا مدنی نے کہا کہ موجودہ دور میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا نہیں رہی ہیں ، اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ اعلی افسران کو جوابدہ نہیں بنایا جاتا ۔اگر اعلی افسران کو جوابدہ بنایا جائے تو سرے سے فساد نہیں ہوں گے ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ملک کی عدالتوں کو تب ہی سہولت ہو گی جب لاء اینڈ آرڈ ر کے افسران عصبیت سے پاک ہو کر سماج و معاشرہ کے تئیں ذمہ دار اور مخلص ہوں گے ۔ انھوں نے ایڈوکیٹ طاہر روپڑیا اور جمعیۃ علماء میوات کی لیگل کمیٹی کی کوششوں کی تعریف کی ہے ۔ واضح ہو کہ گزشتہ ہفتہ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی ، قانونی معاملات کے نگراں ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی،ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء ہریانہ ، پنجاب و ہماچل پردیش مولانا یحیی ٰکریمی میوات کے دیگر ذمہ داروں کے سا تھ وکیلوں کی ایک اہم میٹنگ بھی ہوئی تھی ، جس میں متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کو جاری رکھنے کا فیصلے کا اعادہ کیا گیا تھا ۔ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کی قیادت میں ریلیف و قانونی ٹیم لگاتار قیدیوں کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے ۔

kawishejameel

chief editor

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے !!