کرناٹک کے بعد تلنگانہ سے بھی کانگریس کے لیے راحت کی خبر، لیکن کیا AIMIM کانگریس کا کھیل بگاڑے گی ؟
دہلی: (کاوش جمیل نیوز) :کرناٹک میں جیت کے بعد اب کانگریس کی نظریں تلنگانہ پر ہیں۔ پارٹی نے اس کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اسی دوران سی ووٹر نے اے بی پی نیوز کے لیے ایک رائے شماری کرائی ہے، جس میں کانگریس کو بڑی برتری حاصل ہوتی نظر آرہی ہے۔ سروے کے مطابق کانگریس اکثریت کے نشان تک پہنچ سکتی ہے۔
2018 میں تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں 19 سیٹیں جیتنے والی کانگریس کو رائے عامہ کے جائزوں میں 48 سے 60 سیٹیں مل رہی ہیں۔ ساتھ ہی حکمراں بھارت راشٹرسمیتی (BRS) کو بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔ رائے شماری کے مطابق بی آر ایس کو 43 سے 55 سیٹیں مل سکتی ہیں۔
سروے میں بی جے پی کو صرف 5 سے 11 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی، دیگر کو بھی 5 سے 11 سیٹیں مل سکتی ہیں، جن میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) بھی شامل ہے۔
حالانکہ سروے میں کانگریس کو برتری مل رہی ہے، لیکن اے آئی ایم آئی ایم اس کے سامنے چیلنج بن سکتی ہے۔ درحقیقت گزشتہ اسمبلی انتخابات میں اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم نے 8 میں سے 7 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور اپنے روایتی گڑھ پرانے شہر حیدرآباد میں اپنی گرفت برقرار رکھی تھی۔
دریں اثنا، اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کے سی آر دوبارہ تلنگانہ کے چیف منسٹر بنیں گے اور ان کی پارٹی کے ایم ایل ایز بھی اپنے متعلقہ اسمبلی حلقوں سے جیتیں گے۔
اویسی کے بھائی اکبر الدین اویسی سمیت تمام سات موجودہ ایم ایل ایز دوبارہ منتخب ہوئے۔ اے آئی ایم آئی ایم نے 2014 میں بھی یہ سیٹیں جیتی تھیں۔ ان میں چندرائن گٹہ، بہادر پورہ، کاروان، چارمینار، یاقوت پورہ، ملاکپیٹ اور نامپلی اسمبلی حلقوں کی نشستیں شامل ہیں۔ ایسے میں کانگریس کے لیے یہ سیٹیں جیتنا مشکل ہوگا۔
2018 میں اکبر الدین اویسی نے چندراین گٹہ سیٹ پر زبردست جیت درج کی تھی۔ وہ 1999 سے لگاتار پانچ بار جیت چکے ہیں۔ 2018 میں اے آئی ایم آئی ایم کے امیدوار محمد معظم خان نے شہر کے بہادر پورہ حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ یہاں سے تین بار جیت چکے ہیں۔
کاروان اسمبلی حلقہ میں اے آئی ایم آئی ایم کے کوثر محی الدین نے بی جے پی امیدوار امر سنگھ کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ پارٹی کے ایم ایل اے ممتاز احمد نے چارمینار اور احمد پاشاہ قادری نے یاقوت پورہ سیٹ جیتی۔
وہیں ملک پیٹ سیٹ پر احمد بن عبداللہ بلال اور نامپلی سے جعفر حسین معراج نے کامیابی حاصل کی۔ پارٹی کو 2018 کے اسمبلی انتخابات میں صرف راجندر نگر میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔