ریاض: ادبی فورم ریاض کے زیرِ اہتمام ادبی نشست کا انعقاد
ریاض: (بذریعہ ای میل) :ادبی فورم ریاض نے مورخہ 27 جنوری بروز جمعہ کی شام ایک خوبصورت اور معیاری ادبی نشست کا انعقاد کیا جس میں مایہ ناز شاعر طاہر بلال ، مشہور صحافی اور طنزیہ و مزاحیہ مضمون نگار زکریا سلطان ، معروف افسانہ نگار تنویر احمد تیماپوری، کہنہ مشق شاعر قاضی منصور قاسمی کی شرکت نے حسب توقع محفل کو ادبی معیار کی بلندیوں پر پہنچا دیا. اس پروگرام کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن پاک سے ہوا، اس فریضے کی ادائیگی جبریل احمد نے کی اور اس کے بعد منصور قاسمی نے خوبصورت آواز میں اپنا نعتیہ کلام پیش کیا. پروگرام کے نثری حصے میں جمیل احمد، طاہر بلال اور زکریا سلطان کی شاہکار تخلیقات نے سامعین کو کافی متاثر کیا. پھر شعری حصے میں تمام شعراءنے اپنے بہترین اور معیاری کلام سے شروع سے آخر تک سماں باندھ دیا. مشاعرے میں شریک تمام شعراءکے نام اس طرح ہیں. ضیاءعرشی، سعید اعظمی، منصور قاسمی، گلزار مراد آبادی ،دانش ممتاز، سید اکرم علی اکرم ،حسان عارفی، اور طاہر بلال.مہمان خصوصی شفیق الرحمان ، مہمانِ اعزازی مشتاق احمد اور صدر محفل قیوم احمد کے قیمتی تاثرات اور خطبات کے بعد محفل اختتام پذیر ہوئی. میزبان محفل جمیل احمد آکولوی نے لذیذ اور پرتکلف عشائیہ سے تمام شعراء و ادباءکی ضیافت کا شرف حاصل کیا۔