مہاراشٹر

معروف عالم دین مولانا الیاس خان فلاحی امیر حلقہ مہاراشٹر منتخب

ممبئی : جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے نئے میقات ۲۰۲۳ تا ۲۰۲۷ کیلئے بطور امیر حلقہ مولانا الیاس خان فلاحی کو منتخب کیا ہے۔ واضح ہو کہ امیر حلقہ کے انتخاب کیلئے اراکین سے رائے لی جاتی ہے اس کے بعد شوریٰ میں اس پر مختلف زاویہ سے گفتگو ہوتی ہے نیز منتخب امیر حلقہ کے نام کی تصدیق مرکز کے ذریعہ کئے جانے کے بعد نام کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ مولانا الیاس خان معروف دینی درس گاہ جامعتہ الفلاح اعظم گڈھ کے فارغ ہیں ۔انہوں نے عربی ادب ، فارسی اور اردو میں ایم اے کیا اور جلگاؤں سے بی ایڈ اور اگنو سے ایم اے ایجوکیشن کے بعدگذشتہ اٹھائیس برسوں سے شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہیں ۔ مولانا جامعتہ الفلاح کے رکن شوریٰ اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن ہیں ۔
۵۳ سالہ مولانا الیاس خان فلاحی کا آبائی وطن ہتھرون ضلع آکولہ مہاراشٹر ہے لیکن گذشتہ کئی دہائیوں سے اورنگ آباد میں مستقل قیام ہے ۔ مولانا کا تحریکی سفر ایس آئی او ریاست اتر پردیش کی شوریٰ کی رکنیت سے شروع ہوا ۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں ایس آئی او کی مختلف ذمہ داریاں ادا کیں۔ آپ مسلسل تین میقات سے شعبہ اسلامی معاشرہ کے سکریٹری رہے ۔ آپ نے اورنگ آباد کے امیر مقامی ، ناظم ضلع اور ناظم شہر اورنگ آباد کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں ۔گذشتہ میقات میں معاون امیر حلقہ بھی رہے۔ مولانا ولی رحمانی صاحب مرحوم کے ہاتھوں ریاست مہاراشٹر کے بہترین عالم دین کا خطاب مولانا علی میاں ندوی ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
مولانا الیاس خان فلاحی ایک سنجیدہ عالم دین کے ساتھ ہی معاشرے کے مسائل سے واقف ایک برد بار شخصیت ہیں ۔ امید ہے ان کی امار ت میں مہاراشٹر کے مسلمانوں کو بہتر رہنمائی کے ساتھ ہی عوامی مسائل کے حل کی جانب جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر بہتر اور پائیدار حل کی جانب پیش رفت کرسکے گی ۔

kawishejameel

chief editor

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے !!