مہاراشٹر

ہائی کورٹ سے ضمانت، مگر سزا پر روک نہیں؛وزارت گئی، اب کیا کوکاٹے کی اسمبلی رکنیت بھی خطرے میں؟ فی الحال اسپتال میں بھرتی، ڈاکٹر کے مطابق بائے پاس کرنے کی نوبت؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) : جعلی دستاویزات کی بنیاد پر سرکاری رہائش حاصل کرنے کے معاملے میں سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار) کے رہنما ایڈووکیٹ مانیک راؤ کوکاٹے کو ناسک سیشن کورٹ کی جانب سے سنائی گئی دو سال کی سزا برقرار رکھی گئی ہے۔ اس فیصلے پر روک لگانے کی درخواست لے کر کوکاٹے نے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ آج اس درخواست پر سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے سزا پر تو کوئی روک نہیں لگائی، تاہم ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر انہیں ضمانت منظور کر لی ہے، جس کے باعث ان کی فوری گرفتاری ٹل گئی ہے۔
ناسک سیشن کورٹ کی جانب سے سزا برقرار رہنے کے بعد مانیک راؤ کوکاٹے کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ اسی تناظر میں کوکاٹے کی جانب سے وکیل انکیت نکم نے جسٹس آر این لڈھا کی واحد رکنی بنچ سے فوری سماعت کی درخواست کی تھی۔ جسٹس لڈھا نے یہ درخواست قبول کرتے ہوئے جمعہ کے روز سماعت کی۔
گرفتاری وارنٹ جاری ہونے کے بعد کوکاٹے پر وزارت سے استعفیٰ دینے کا دباؤ بڑھ گیا تھا۔ بالآخر جمعرات کو پارٹی کے صدر اجیت پوار نے مانیک راؤ کوکاٹے کا استعفیٰ قبول کرنے کا اعلان کیا اور یہ استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دیا گیا۔
اب جبکہ ہائی کورٹ نے سزا پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے، اس سوال نے زور پکڑ لیا ہے کہ آیا مانیک راؤ کوکاٹے کی اسمبلی رکنیت بھی ختم ہو جائے گی یا نہیں۔ عوامی نمائندگی ایکٹ کے مطابق، اگر کسی منتخب نمائندے کو دو سال یا اس سے زیادہ کی سزا سنائی جاتی ہے تو اس کی رکنیت خود بخود منسوخ ہو جاتی ہے۔ اس سے قبل رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور ریاستی ایم ایل اے سنیل کیدار کے خلاف بھی اسی نوعیت کی کارروائی ہو چکی ہے۔ اسی لیے اب سب کی نظریں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کے آئندہ فیصلے پر مرکوز ہیں۔
واضح رہے کہ کم آمدنی والے افراد کو حکومت کی جانب سے، یعنی وزیر اعلیٰ کوٹے کے تحت، کم قیمت پر رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے لیے متعلقہ شخص کو حلف نامہ اور دستاویزات جمع کرانی ہوتی ہیں کہ اس کے نام پر کہیں بھی کوئی رہائش موجود نہیں ہے۔ مانیک راؤ کوکاٹے اور ان کے بھائی وجے نے 1995 میں اس طرح کی دستاویزات جمع کرا کے ناشک کے کینیڈا کارنر علاقے میں واقع نرمان اپارٹمنٹ میں وزیر اعلیٰ کوٹے کے تحت دو رہائشی مکانات حاصل کیے تھے۔
فی الحال مانیک راؤ کوکاٹے لیلاوتی اسپتال میں‌شریک ہے.ڈاکٹرس کے مطابق کوکاٹے کا انجیوگرافی کیا گیا ہے اور ہم نے انہیں‌بائے پاس سرجری کرنے کی صلاح دی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!