بیڑ: پرلی کے تحصیلدار وینکٹیش مُنڈے پررشوت کا الزام؛ بیڑ اے سی بی کی بڑی کارروائی؛ پرلی تحصیل دفترمیں کھلبلی

بیڑ: (کاوش جمیل نیوز) : بیڑضلع کے پرلی سے ایک بڑی اورچونکا دینے والی خبرسامنے آئی ہے۔ یہ معاملہ پرلی کے تحصیلدار سے متعلق ہے، جس میں بدعنوانی کا ایک بڑا معاملہ بے نقاب ہوا ہے۔ ضلع بیڑ کے پرلی میں تعینات تحصیلدار وینکٹیش مُنڈے رشوت کے ایک مقدمے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اس واقعے سے علاقے میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق تحصیلدار مُنڈے کو لے کر ایل سی بی کی ٹیم بیڑ کی جانب روانہ ہو گئی ہے اوران کے خلاف کارروائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شکایت کنندہ سے تلیگاؤںکر نامی شخص کے آمدنی کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی گئی تھی۔ اس سلسلے میں چند روز قبل بیڑ کے انسدادِ بدعنوانی محکمہ (اے سی بی) کے پاس شکایت درج کرائی گئی تھی۔ شکایت کے بعد اے سی بی نے جال بچھا کر کارروائی انجام دی۔
یہ کارروائی انسدادِ بدعنوانی محکمہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سوپان چٹم پلے کی رہنمائی میں کی گئی۔ ابتدا میں 50 ہزار روپے کی مانگ کی گئی تھی، تاہم بعد میں سمجھوتے کے بعد 20 ہزار روپے پر معاملہ طے ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ اے سی بی کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد ٹیم نے تصدیق کر کے جال بچھایا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شکایت کنندہ کی حرکات پرشک ہونے کے باعث تحصیلدار وینکٹیش مُنڈے نے رقم وصول کرنے میں پس و پیش کیا، تاہم اے سی بی نے ضروری شواہد اکٹھے کر کے آئندہ قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اس واقعے کے بعد پرلی تعلقہ کے تحصیل محکمۂ میں کھلبلی مچ گئی ہے اور ضلع بھرمیں اس کارروائی کی زبردست چرچا ہو رہی ہے۔ متعلقہ افسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا عمل جاری ہے اور مزید تفتیش بیڑ اے سی بی کی جانب سے کی جا رہی ہے۔



