مہاراشٹر

بالاپور : خطابِ جمعہ میں حالاتِ حاضرہ پر فکر انگیز بیان; ملک کی موجودہ صورتحال میں ذمہ داریوں کو سمجھنے کی ضرورت : مولانا اسماعیل اشاعتی

بالاپور : (ذاکر احمد شیخ) :شہر کے علاقے کاغذی پورہ مسجد میں جمعہ کے موقع پر امامِ مسجد مولانا اسماعیل اشاعتی نے حالاتِ حاضرہ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ملک اور معاشرے کی موجودہ صورتحال ہر باشعور انسان کو سوچنے پر مجبور کر رہی ہے۔ ایسے وقت میں مسلمانوں کو گھبرانے یا مایوس ہونے کے بجائے صبر، حکمت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
مولانا اشاعتی نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو مختلف طریقوں سے آزماتا ہے۔ آزمائشیں دراصل ایمان کو مضبوط بنانے اور انسان کے صبر و استقامت کو پرکھنے کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں انبیاء علیہم السلام کی زندگیوں کے چند واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر نبی کو سخت آزمائشوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مگر انہوں نے صبر، توکل اور اللہ پر کامل بھروسہ کے ساتھ ان حالات کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے حضرت ابراہیمؑ، حضرت ایوبؑ اور دیگر انبیاء کی آزمائشوں کی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر اللہ کے برگزیدہ بندے بھی امتحان سے گزرے ہیں تو ہمیں بھی موجودہ حالات میں ثابت قدم رہنا چاہیے۔ انہوں نے مسلمانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی اصلاح کریں، نمازوں کی پابندی کریں، آپس میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط کریں اور معاشرے میں امن، بھائی چارہ اور خیر خواہی کو فروغ دیں۔
مولانا اسماعیل اشاعتی نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے زیادہ ضرورت صبر، دعا اور مثبت کردار ادا کرنے کی ہے۔ ہمیں افواہوں سے بچنا چاہیے اور قانون و نظم و ضبط کا احترام کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور امن کے لیے دعا کرنی چاہیے۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دین کی تعلیمات پر عمل کریں، اخلاقی اقدار کو مضبوط کریں اور آنے والی نسلوں کی بہتر تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔
اس موقع پر بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے اور انہوں نے مولانا کے بیان کو غور سے سنا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!