مہاراشٹر

سابقہ ڈپٹی سکریٹری اقلیتی عین العطارکی دفتراردو اکیڈمی ممبئی آمد، اکیڈمی کی کارکردگی پراطمینان کا اظہار

ممبئی (نمائندہ) :مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے مرکزی دفتر ممبئی میں ایک اہم اور بامقصد نشست کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں سابقہ ڈپٹی سکریٹری شعبۂ اقلیت عین العطار، پرنسپل قاضی جویریہ اور عدنان سرکھوٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اکیڈمی کے چیئرمین سید حسین اختر نے معزز مہمانوں کا نہایت خلوص و محبت کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا، جس سے نشست کا ماحول خوشگوار اور علمی سنجیدگی سے معمور ہوگیا۔
نشست کے دوران اردو اکیڈمی کی جاری سرگرمیوں، کارکردگی اور مستقبل کے لائحۂ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکائے نشست نے اس بات پر زور دیا کہ مثبت اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے اکیڈمی کو مزید فعال، منظم اور نتیجہ خیز بنایا جا سکتا ہے، تاکہ اردو زبان و ادب کی خدمت کا دائرہ مزید وسیع ہو۔
اس موقع پر چیئرمین سید حسین اختر نے گزشتہ برسوں میں اکیڈمی کی جانب سے انجام دی گئی مختلف ادبی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا جامع جائزہ پیش کیا۔ مہمانانِ گرامی نے ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور اس امر کا اعتراف کیا کہ سید شعیب ہاشمی اور سید حسین اختر کی رہنمائی میں اکیڈمی بتدریج فعالیت اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
آخر میں مہمانوں نے اکیڈمی کی آئندہ پیش رفت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں بھی اسی عزم و حوصلے کے ساتھ اردو زبان و ادب کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرتا رہے گا اور نئی کامیابیوں سے ہمکنار ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!