بلڈھانہ: آمنہ عزیز ایجوکیشنل کیمپس دیولگاؤں راجہ میں تعلیمی سیمنار؛ تعلیم سے تعلق جوڑے رکھئے،لاکھوں اے پی جے عبدالکلام پیدا ہوں گے
بلڈھانہ: (ڈاکٹر محمد ذاکر نعمانی) :آمنہ عزیز ایجوکیشنل کیمپس دیولگاؤں راجہ، ضلع بُلڈھانہ میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کی غرض سے یک روزہ تعلیمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پہلی نشست میں حاجی عالم خان کوٹکر اور دوسری نشست میں ایڈوکیٹ ناظر قاضی کو صدارت پیش کی گئ۔ حاجی عالم خان کوٹکر(دیولگاؤں راجہ)، ایڈوکیٹ ناظر قاضی(سندھ راجہ)، شیخ عرفان علی(دُسربِیڑ)، حاجی حنان خان پٹھان(دیولگاؤں مہی) ان چاروں حضرات کی کاوشوں سے یک روزہ تعلیمی سیمینار عمل میں آیا۔ اس تعلیمی سیمینار میں سندھ کھیڑ راجہ اور دیولگاؤں راجہ ان دونوں تعلقوں سے تمام مسلم اسکولز سے 115 اساتذہ کرام نے شرکت کی اور استفادہ حاصل کیا۔ ماہرِ تعلیم محمد الیاس،دلّی (سیکريٹری،آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ) نے مختلف مثالوں کے ذریعے تعلیم کی اہمیت و افادیت کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر اے۔پی۔جے۔عبدالکلام کے اقوال کی روشنی میں اساتذہ اور والدین کی نمایاں رہنمائی عطا فرمائی۔ مہمانِ خصوصی حضرات میں ڈی۔بی۔مصدوالے(بی۔ای۔او۔دیولگاؤں راجہ)، سید منصور آغا(دلّی)، ڈاکٹر صفی انوری (بیڑ)، ڈاکٹر ادریس قریشی(دلّی)، ڈاکٹر نصیرالدین(کلکتہ)، ڈاکٹر عبدالخالق(ویسٹ بنگال)، محمد اختر(نویڈا)، ڈاکٹر سکندر علی(لکھنئو)، ایڈوکیٹ نجمہ(چاندپور)، ڈاکٹر مہر عالم(چاندپور)، سعیدہ مہر افشاء(دلّی)، سعیدہ اسماء آغا(رامپور)، پروفیسر فاروق ناظم (کھامگاؤں)، سرفراز خان(اکولا) ان مقررین نے یکے بعد دیگر اساتذہ، طلباء اور والدین کی راہنمائی کی۔ نظامت کے فرائض پرنسپل شارق نایاب نے نبھائے اور اظہارِ تشکُر (سی۔ای۔او) کاشف عالم کوٹکر کے ادا کیا۔