مہاراشٹر

بنگالی برادری کی ایکتا سورن کاراگیر اسوسی ایشن کے زیرِاہتمام عیدروسیہ گارڈن میں جشن میلادالنبی تقاریب کا شاندارانعقاد

ناندیڑ: ١۸/اکتوبر(نمائندہ) :ناندیڑ شہر میں قیام پذیر سونے چاندی کے زیورات بنانے کے ماہر کاریگروں پر مشتمل بنگالی برادری کی جانب سے قدیم شہر عرب گلی کے عیدروسیہ گارڈن میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے جشن میلادالنبی تقاریب کا پروقار انعقاد عمل میں آیا۔ اس ضمن میں بچوں کے تعلیمی مظاہروں کے علاوہ قرأت مقابلوں اور اذان مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ بعدنماز عشاء بنگال سے تشریف لانے والے معروف عالم دین مفتی سیف اللہ ملک(کولکتہ) کا سیرت پاک کے عنوان پر تفصیلی خطاب رکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ناندیڑ شہر کے صرافہ بازار میں سونے چاندی کے زیورات بنانے کا کام کرنے والے بنگالی کاریگر بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔یہ کاریگر اپنے ہنر،سخت محنت اور کام میں مہارت کے لئے شہرت رکھتے ہیں۔ان بنگالی کاریگروں میں ہندو اور مسلمان دونوں شامل ہیں۔ اپنے کام کے ساتھ ساتھ یہ لوگ سماجی، ثقافتی اور دینی سرگرمیوں میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ بنگالی برادری کی ‘ایکتا سورن کاراگیر اسوسی ایشن’ کی جانب سے مختلف قومی، سماجی و مذہبی مواقع کی مناسبت سے مختلف سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ ان میں ماہ ربیع الاول کے موقع پر منعقد کی جانے جشن میلادالنبی تقاریب سب سے اہم ہوتی ہیں۔عرب گلی کے عید روسیہ گارڈن میں دوپہر سے لے کر رات دیر گئے تک جشن میلادالنبی تقاریب منعقد کی گئیں۔ دن بھر بچوں کے دینی تعلیمی مظاہروں کا اہتمام کیا گیا۔ بچوں نے تلاوت قرآن، احادیث نبوی، حمد و نعت، نظمیں ، دینی مکالمے وغیرہ شاندار انداز میں پیش کرتے ہوئے سامعین سے داد وصول کی۔ اس کے علاوہ قرأت مقابلوں اور اذان مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ عمدہ تعلیمی مظاہرہ پیش کرنے والے اور مقابلے جیتنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ بعد نماز عشاء کولکتہ بنگال سے تشریف لانے والے معروف عالم دین مفتی سیف اللہ ملک کا بیان رکھا گیا ۔ موصوف نے محبت و دلسوزی کے ساتھ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں بنگالی زبان میں خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو عمدہ نصیحتیں کیں اور عمل کی ترغیب دی۔ آپ نے نہایت اثر انگیز انداز میں سیرت پاک کے واقعات بیان کرتے ہوئے سامعین کو سیرت پاک کو مشعل راہ بنانے اور حضور اکرم کی سنتوں پر عمل پیرا ہونے کی دعوت دی۔ خطاب کے بعد بنگالی زبان میں ہی سلام پیش کیا گیا۔ مولانا کی رقت آمیز دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ تمام مہمانوں کی بریانی کے ساتھ ضیافت کی گئی۔ خواتین کے لئے علاحدہ نشست گاہ کا انتظام کیا گیا تھا ۔ اس جلسہ اور جشن میلاد النبی کو کامیابی سے منعقد کرنے کے لیے ایکتا ایکتا سورن کاراگیر اسوسی ایشن کے ذمہ داران اور نوجوانان نے کافی جد و جہد کی۔

kawishejameel

chief editor

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے !!