ممبئی: نواب ملک کی اچانک طبیعت بگڑنے پرکریٹی کیئر اسپتال میں کیا گیا داخل ؛ علاج جاری
ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) : سابق وزیراور این سی پی لیڈر نواب ملک کی حالت بروز سنیچر کی دوپہر کو اچانک بگڑ گئی اور انہیں کرلا کے کریٹی کیئر ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ملک کو سانس کی تکلیف کے بعد ہسپتال لے جایا گیا۔ وہ فی الحال طبی بنیادوں پر ضمانت پر ہیں۔
گزشتہ چند ماہ سے نواب ملک صحت کی خرابی کے باعث ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔ خرابی صحت کی وجہ سے وہ شاید ہی کسی عوامی تقریب میں نظر آئے۔ انہیں ہفتہ کی دوپہر کرلا کے کریٹی کیئر سینٹر ہسپتال کے ایمرجنسی روم میں اچانک سانس کی تکلیف کے بعد داخل کرایا گیا ۔ ان کی بیٹی ثنا ملک نے بتایا کہ وہ زیر علاج ہیں اور ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی صحت کی نگرانی کر رہی ہے۔
نواب ملک کو ای ڈی نے 2022 میں گوا والا کمپاؤنڈ کیس میں منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا۔ تب سے وہ جیل میں تھے۔ نواب ملک کو مثانے اور دیگر جسمانی مسائل ہیں۔ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں طبی علاج کی اشد ضرورت ہے۔ لہذا، عدالت نے اگست 2023 میں ملک کو طبی بنیادوں پر ضمانت دی تھی۔