مُعلّم تقرّری : تعلیمی اور پیشہ ورانہ اسناد کو چھوڑ کر 22 ستمبر 2023ء تک حاصل کردہ تمام دستاویزات اَپلوڈ کر سکتے ہیں ؛ ٹی۔ای۔ٹی۔ بدعنوانیوں میں ملوّث امیدوار ممبئی ہائی کورٹ کے حکم کے بعد بھی رجسٹریشن سے محروم
سیّد علی انجم رَضوی،
جلگاؤں
مقامی خود مختار اِداروں (جیسے نگر پالیکا، نگر پریشد، مہا نگر پالیکا، ضلع پریشد) اور غیر اقلیتی نِجی اِداروں (Private Schools) میں اساتذہ کی تقرری کے لیے ٹیچرز ایپٹِٹیوڈ اینڈ انٹِلیجنس ٹیسٹ (TAIT) امتحان دینے والوں کے لیے ویب سائٹ پَوِیتر پورٹَل (PAVITRA Portal) پر آن لائن رجسٹریشن اور خود سَند (Self Certification) تیار کرنے کی مدّت 22 ستمبر 2023ء ہے۔
ممبئی ہائی کورٹ اور اس کی اورنگ آباد اور ناگپور بینچیز نے 13 اور 14 ستمبر 2023ء کو دیئے گئے عبوری (Interim) احکامات میں ایجوکیشن کمشنر، پونہ کے اعلامیہ کے نکتہ نمبر 4 پر اِسٹے دیتے ہوئے 2018ء اور 2019ء میں ٹی۔ای۔ٹی۔ بدعنوانیوں میں ملوّث امیدواروں کو بھی پورٹَل پر رجسٹریشن اور خود سَند تیار کرنے کی مشروط اجازت دی ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ وہ آن لائن رجسٹریشن نہیں کر پا رہے ہیں۔ پریکشا پریشد کو اِس جانب توجہ دینی چاہیے۔
18 ستمبر 2023ء کے تازہ نوٹیفیکیشن کے مطابق جہاں بارھویں جماعت کی تعلیم حاصل کی ہے، اس کالج سے ذریعہء تعلیم (Medium) سے متعلق معلومات لے کر فارم میں بھریئے۔ تعلیمی (بارہویں، گریجویٹ وغیرہ) اور پیشہ ورانہ (ڈی۔ایڈ، بی۔ایڈ وغیرہ) لیاقت کی اسناد (Educational and Professional Qualification Certificates) 12 فروری 2023ء تک اور اس کے علاہ زمرے (Category – Open or Reserved) اور متوازی ریزرویشن (جیسے خواتین، سابق فوجی، منصوبہ زدہ، زلزلہ زدہ، کھلاڑی، معذور، یتیم وغیرہ)، نیز دیگر تمام دستاویزات کے لیے مدت 31 مارچ 2023ء کے بجائے فارم بھرنے کی آخری تاریخ 22 ستمبر 2023ء تک بڑھا دی گئی ہے۔
امیدواروں نے دسویں جماعت میں جو زبان بطور زبانِ اوّل منتخب کی ہو، اسی ذریعہء تعلیم (Medium) کی پہلی جماعت سے بارھویں جماعت تک کی اسکولوں میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔ اس طرح اب اردو ذریعہ تعلیم کی اسکولوں میں دسویں جماعت صرف اردو ذریعہ تعلیم سے کامیاب امیدوار ہی کو ملازمت ملے گی۔
جن امیدواروں کو پہلے اَپلوڈ کی ہوئی تاریخِ پیدائش اور موبائل نمبر تبدیل کرنا ہو، وہ متعلقہ ایجوکیشن آفیسر سے رابطہ قائم کر کے یہ تبدیلی کر سکتے ہیں۔