تعلیم و روزگار

مُعلّم تقرّری : پَوِترپورٹَل پرآن لائن رجسٹریشن کی مدّت اب 22 ستمبر تک ؛ سِن 2018ء اور 2019ء میں ٹی۔ای۔ٹی۔ بدعنوانیوں کی فہرست میں شامل امیدوار بھی اب فارم بھر سکتے ہیں : ممبئی ہائی کورٹ

ali anjum razvi jalgaonعلی انجم رضوی،جلگاؤں
9423489091
مقامی خود مختار اِداروں (جیسے نگر پالیکا، نگر پریشد، مہا نگر پالیکا، ضلع پریشد) اور غیر اقلیتی نجی اِداروں (Private Schools) میں اساتذہ کی تقرری کے لیے 2017ء میں ٹیچرز ایپٹِٹیوڈ اینڈ انٹِلیجنس ٹیسٹ (TAIT) کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے بعد ریاست میں تقریبآ 12 ہزار اساتذہ کی تقرریاں اِسی امتحان میں ملے نشانات (Marks) کی بنیاد پر ہوئیں۔ پھر 2022ء میں اِس امتحان کا دوبارہ اعلان کیا گیا اور یہ امتحان 22 فروری 2023ء سے لے کر 3 مارچ 2023ء کی مدت میں الگ الگ مرحلوں میں منعقد کیا گیا۔
اس امتحان کے بعد سے امیدواروں میں یہ تجسُّس پایا جا رہا تھا کہ اب مُعلّمین کی تقرری کا عمل کب شروع ہوگا۔ خدا خدا کر کے معلمین کی تقرری کی ویب سائٹ پَوِیتر پورٹل (PAVITRA Portal) پر نوٹیفکیشن کے ذریعے تقرری کے عمل کا آغاز ہوا۔ آن لائن رجسٹریشن اور خود سند (Self Certification) تیار کرنے کی مدت پہلے 15 ستمبر تھی۔ آج اُسے بڑھا کر 22 ستمبر 2023ء کر دی گئی ہے۔ پورٹل پر ایجوکیشن کمشنر، پونہ کے ذریعے یکم ستمبر 2023ء کو جاری کردہ اعلامیے میں آن لائن رجسٹریشن اور خود سند کے عمل کو تفصیل سے بتایا گیا ہے۔
اس اعلامیہ کے نکتہ نمبر 4 میں کہا گیا ہے کہ 2018ء اور 2019ء میں منعقدہ معلّم اہلیتی امتحان (TET) میں ہونے والی بدعنوانیوں کی بنیاد پر ممبئی ہائی کورٹ میں داخل کچھ پٹیشن پر دیے گئے فیصلوں کے مطابق بدعنوانیوں میں ملوث امیدواروں کو 2022ء میں ہونے والے TAIT امتحان میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ اگر وہ شامل ہوئے تو کسی بھی مرحلہ میں ان کی امیدواری کالعدم قرار دی جائے گی۔ واقعہ یہ ہے کہ کئی امیدوار ایسے بھی تھے جن کا نام TET بدعنوانیوں کی فہرست میں تھا اور جنھوں نے بعد میں ہونے والے TET امتحان کے بجائے CTET امتحان کامیاب کیا تھا۔ انھوں نے اسی بنیاد پر TAIT – 2022 امتحان کا فارم بھر کر TAIT امتحان دیا تھا۔ اعلامیہ کے نکتہ نمبر 4 کی وجہ سے ان کا پَوِتر پورٹَل پر رجسٹریشن کرنا بھی خطرے میں آگیا تھا۔
اگرچہ TET امتحان میں بدعنوانیاں کرنا قابل مذمت ہے۔ لیکن پھر بھی مقدمے کا حتمی فیصلہ آنے تک انہیں رجسٹریشن سے محروم رکھنا نا انصافی ہے۔ لہٰذا اس معاملے میں کچھ امیدواروں نے ممبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد اور ناگپور بینچیز میں پٹیشن داخل کی تھی۔ جن میں 13 اور 14 ستمبر 2023ء کو دیئے گئے عبوری (Interim) احکامات میں ایجوکیشن کمشنر، پونہ کے اعلامیہ کے نکتہ نمبر 4 پر اِسٹے دیتے ہوئے 2018ء اور 2019ء کی بدعنوانیوں میں شامل امیدواروں کو بھی پورٹل میں رجسٹریشن اور خود سند کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ لہٰذا ایسے امیدوار اگر مرکزی معلم اہلیتی امتحان (CTET) کامیاب ہیں تو وہ بھی پَوِتر پورٹَل کے ذریعے آن لائن فارم بھر سکتے ہیں۔
مقامی خود مختار اِداروں اور غیر اقلیتی نجی اِداروں میں اساتذہ کی خالی اسامیوں کی معلومات اِسی پورٹل پر آئندہ دی جائے گی۔ جس کے مطابق امیدوار اپنی ترجیح کی اسکول کے لیے آن لائن عریضہ دے سکتے ہیں۔
جن امیدواروں نے TAIT – 2022 امتحان دیا ہو، وہی رجسٹریشن کرنے کے اہل ہوں گے۔ مذکورہ امتحان کے لیے آن لائن عریضہ بھرنے کی آخری تاریخ 12 فروری 2023ء تھی۔ اس لیے متعلقہ امیدواروں نے تعلیمی (بارہویں، گریجویٹ وغیرہ) اور پیشہ ورانہ (ڈی۔ایڈ، بی۔ایڈ وغیرہ) اہلیت 12 فروری 2023ء تک حاصل کرنا لازمی ہے۔ اس کے بعد حاصل کی گئی اسناد زیر غور نہیں ہوں گی۔ البتہ جن امیدواروں نے CTET امتحان دسمبر 2022ء میں دیا ہو اور جن کا نتیجہ 10 اپریل 2023ء کو لگا وہ اس سے مستثنٰی ہیں۔ اسی طرح زمرے (Category – Open or Reserved) اور متوازی ریزرویشن (جیسے خواتین، سابق فوجی، منصوبہ زدہ، زلزلہ زدہ، کھلاڑی، معذور، یتیم وغیرہ) کے لیے مدت 31 مارچ 2023ء تک بڑھا دی گئی تھی۔ لہٰذا اگر کسی امیدوار کے پاس اس مدت تک حاصل کی گئی اسناد موجود ہو گئی ہوں تو وہ آن لائن عریضہ میں زمرے اور متوازی ریزرویشن میں تبدیلی کر سکتا ہے۔
(مضمون نگار سے رابطہ – 9423489091)

kawishejameel

chief editor

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے !!