ناندیڑ: معاشرے کو سود کی لعنت سے پاک کرنے اوراسلامی نظام معیشت کو متعارف کرنے کی غرض سے جماعت اسلامی ہند نے قائم کیا بلاسودی بینک راحت کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی، ضلع ناندیڑ کا ساتواں سالانہ اجلاس
ناندیڑ: (شیخ عمران) : راحت کریڈٹ کوآپریٹیوسوسائٹی ضلع ناندیڑ کا آغاز معاشرے کو سود کی لعنت سے پاک کرنے اوراسلامی نظام معیشت کو متعارف کرنے کی غرض سے جماعت اسلامی ہند، ناندیڑ کی کوششوں سے ہوا۔ الحمد للہ اول روز سے ہی سوسائٹی اپنے مقاصد کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔سوسائٹی ہر سال سالانہ اجلاس منعقد کرکے سوسائٹی کے ممبران کے سامنے سوسائٹی کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتی ہے۔ سوسائٹی کا ساتواں سالانہ اجلاس مورخہ 24 ستمبر 2023 بروز اتوار صبح 10:30 بجے،بمقام انور گارڈن مال ٹیکڑی روڈ دیگلور ناکہ پر منعقد ہوا.اس اجلاس کی صدارت سوسائٹی کے چیرمین ڈاکٹر محمد عبدالبصیر صاحب نے کی۔ مہمان خصوصی کے طور پرجناب مفتی ایوب صاحب قاسمی (قاضی دارالقضاء ناندیڑ مسلم پرسنل لا بورڈ)، جناب ناگراج کامبلے صاحب (ایڈوائزری ممبرڈاکٹربابا صاحب امبیڈکراربن کوآپریٹیوں سوسائیٹی ناندیڑ)، جناب عبدالغفار مکرانی صاحب (صدر ناندیڑ میمن جماعت)،جناب ابراد احمد دیشمکھ صاحب (امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ناندیڑ) شریک رہے۔
سوسائٹی کے سی ای او جناب ریا ض الحسن عامرصاحب نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ آج سے چھ سال پہلے کارپوریٹ فائنانشیل اداروں کے مقابلے میں یہ ایک ادنیٰ سی کوشش تھی، لیکن اب یہ دھیرے دھیرے مضبوط ہوتے چلے جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان بھر میں اب بلا سودی سوسائٹئوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے،اسکے بعد سوسائٹی کے سیکریٹری جناب مبارک علی شبیبی صاحب نے یک سالہ کارکردگی کی مکمل رپورٹ پیش کی جس کا تمام ہی شرکاء نے استقبال کیا اور تمام ہی فیصلوں کو ہاتھ اٹھا کر منظوری دی۔ اسکے بعد راحت سے لون لے کر اپنی زندگیوں میں کامیابی حاصل کرنے والے چار افراد پر مشتمل ایک ویڈیوں دیکھائی گئی۔ پروگرام میں شامل تمام ہی مہمان خصوصی نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس کے بعد تمام اسٹاف اور بزنس ایکزیکٹوز کو سرٹیفکیٹ دیا گیا۔امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ناندیڑ جناب ابراد احمد دیشمکھ صاحب نے کلیدی خطاب میں کہا کہ سود کی حرمت اور خباثتوں سے ہم سب واقف ہیں لیکن عملی طور پر ایک متبادل پیش کیا جانا ہم سب کہ ذمہ داری ہے۔ اس جانب جماعت اسلامی نے قدم اٹھایا ہے۔ اور بھی بہت کام ہمیں اس میں کرنا چاہئے۔ مزید کہا کہ ہر محلہ میں راحت کی طرح ایک سوسائٹی قائم کی جانی چاہئے۔ آخر میں سوسائٹی کے صدر جناب محمد عبدالبصیر صاحب نے صدارتی گفتگو پیش کی
آخر میں جناب مفتی ایوب صاحب قاسمی کی دعا سے ساتویں سالانہ اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔