مفتی سلمان ازہری کی گرفتاری، ہلدوانی اور گیانواپی مساجد میں ہونے والی نا انصافی اور یکساں سول کوڈ کے خلاف جلگاؤں کلکٹر کے ذریعہ صدر جمہوریہ کو میمورنڈم پیش ؛ بے باک صحافی نکھل واگلے پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ
جلگاؤں: (علی انجم رضوی) : سب کا ساتھ سب کا وکاس کے خلاف جس طرح بھارت میں مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں انھیں فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔ ان منافرت انگیز کاروائیوں کے خلاف جلگاؤں کے کلکٹر کے ذریعے صدر جمہوریہ کو میمورنڈم دیا گیا۔
میمورنڈم آٹھ مطالبات پر مبنی تھا۔
1) اتراکھنڈ ریاست کے ہلدوانی شہر میں مسجد اور مدرسہ کو مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ معصوم بچوں اور خواتین کے ساتھ مارپیٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
2) گیانواپی مسجد کے حوالے سے عدالتیں 1947ء کے ایکٹ کے مطابق انصاف دیں۔
3) نفرت انگیز تقاریر کے نام پر گجرات اے۔ٹی۔ایس۔ کے ذریعے مفتی سلمان ازہری کو پولیس حراست میں لینے اور مختلف پولس تھانوں کے تحت مقدمات درج کر کے انھیں غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر مسلسل قید میں رکھنے کی کارروائی کو فوری طور پر روکا جائے۔
4) جس طرح درج فہرست قبائل کو یکساں سول کوڈ سے خارج کیا گیا ہے، اسی طرح مسلم اقلیتوں کو بھی یکساں سول کوڈ سے خارج کیا جائے۔
5) مدھیہ پردیش، اتر پردیش، اتراکھنڈ اور حال ہی میں مہاراشٹر میں بلڈوزر کے ذریعے مسلمانوں کے مکانات اور دکانوں کو غیر قانونی طریقہ سے مسمار کیا جا رہا ہے، اسے فوری طور پر روکا جائے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کے بجائے عدالتی حکم کے مطابق کارروائی کی جائے۔
6) پچھلی دہائی سے کچھ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اسلام مخالف بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے، اس لیے اسے فوری طور پر روکا جائے۔ کیونکہ اس سے مختلف مذاہب کے درمیان تناؤ پیدا ہو رہا ہے۔
7) اس بات پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جائے کہ کچھ عدالتیں اس وقت قانون کے بجائے مذہبی عقیدت یعنی آستھا کے مطابق احکامات دے رہی ہے۔
8) پونے میں نکھل واگلے، ایڈوکیٹ اسیم سرودے، وشمبھر چودھری اور ان کی تحریک “نربھیے بنو” کے ساتھیوں پر حملے کے ملزمین کے خلاف سختی سے نمٹا جائے۔
میمورنڈم دینے والے وفد میں کل جماعتی کے صدر سید چاند، منیار برادری کے صدر فاروق شیخ، سینئر صحافی علی انجم رضوی، ایم۔آئی۔ایم۔ پارٹی کے ضلعی صدر احمد حسین، راشٹروادی کانگریس اقلیتی سیل (شرد پوار گروپ) کے ضلعی صدر مظہر خان، راشٹروادی کانگریس (اجیت پوار گروپ) کے فیروز شیخ، سماجی کارکن انیس شاہ، شکلگر برادری کے صدر انور خان، امداد فاؤنڈیشن کے متین پٹیل، بی۔وائی۔ایف کے صدر شیبان فائز، اینجل فوڈ کے صدر دانیال شیخ، حفاظ فاؤنڈیشن کے صدر حافظ عبدالرحیم پٹیل اور دیگر موجود تھے۔