مہاراشٹر

اردو اساتذہ کی خالی اسامیوں کا اشتہار دو دن میں پَوِتر پورٹَل پر اَپ لوڈ کر دیا جائے گا ؛ ایڈمنسٹریشن آفیسر دیپالی پاٹل کی اردو اساتذہ کی تقرری کے حوالے سے وفد کو یقین دہانی

جلگاؤں : (علی انجم رضوی) : حکومت مہاراشٹر نے اساتذہ کی تقرّری کے لیے 22 فروری سے 3 مارچ 2023ء تک ٹیچر اپٹیٹیوڈ اینڈ انٹیلی جنس ٹیسٹ (TAIT) کا انعقاد پوری ریاست میں کیا۔ اس کے مطابق، اہل امیدواروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ 30 ستمبر 2023 تک اساتذہ کی تقرّری کی ویب سائٹ پَوِتر پورٹَل پر سیلف سرٹیفکیٹ تیار کریں۔
اسی طرح 27 اکتوبر 2023ء کے سرکاری حکم نامے کے مطابق، 16 اکتوبر 2023ء سے مذکورہ ویب سائٹ پر مقامی خودمختار اِداروں اور نِجی اِداروں کی اسکولوں میں اساتذہ کی خالی اسامیوں کے اشتہار اَپ لوڈ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس حکم کے مطابق بہت سے اسکولوں نے پَوِتر پورٹَل پر اساتذہ کی خالی اسامیوں کی معلومات اَپ لوڈ کی ہے۔ لیکن جلگاؤں شہر میونسپل کارپوریشن کے تحت جاری اسکولوں کے اردو اساتذہ کی خالی اسامیوں کے بارے میں معلومات پَوِتر پورٹَل پر اب تک اَپ لوڈ نہیں کی گئی ہے۔
جس کی وجہ سے جلگاؤں کارپوریشن کی اردو اسکولوں میں اردو اساتذہ کی تقرّری میں تاخیر ہونے کا امکان ہے۔ لہٰذا اقلیتوں کے ایک نمائندہ وفد نے پہلے میونسپل کارپوریشن کے اسِسٹنٹ کمشنر ابھیجیت باوِسکر کو اردو اساتذہ کی تقرّری کے لیے تفصیلی میمورنڈم دیا۔ ان کے کہنے کے مطابق میونسپل بورڈ آف ایجوکیشن کی ایڈمنسٹریشن آفیسر دیپالی پاٹل کو بھی میمورنڈم دیا گیا۔
مذکورہ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ریاست بھر میں مقامی خود مختار اداروں اور نجی اسکولوں میں اساتذہ کی خالی اسامیوں سے متعلق اشتہارات پَوِتر پورٹَل کی ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کیے جارہے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے جلگاؤں شہر میونسپل کارپوریشن میں اردو اساتذہ کی اسامیاں خالی ہونے کے باوجود ان کی معلومات ابھی تک پَوِتر پورٹَل پر اَپ لوڈ نہیں کی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے اردو ذریعہء تعلیم کے طلباء کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔
اس لیے مذکورہ معلومات جلد از جلد اَپ لوڈ اپ لوڈ کی جائے تاکہ اساتذہ کی تقرّری کا راستہ صاف ہو۔ ایڈمنسٹریشن آفیسر دیپالی پاٹل نے تیقّن دیا کہ ایک یا دو دن کے اندر اردو اساتذہ کی 17 آسامیوں سے متعلق اشتہار پَوِتر پورٹَل پر اَپ لوڈ کر دیا جائے گا اور اس سے اردو اساتذہ کی تقرری کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ وفد میں جلگاؤں ضلع منیار برادری کے فاروق شیخ، کُل جماعتی تنظیم کے سیّد چاند، سینئر صحافی و مدرس سیّد علی انجم رضوی، راشٹروادی اقلیتی سیل کے صدر مظہر پٹھان، سُبُکدوش مدرس صابر امداد، کانگریس پارٹی کے امجد پٹھان، امداد فاؤنڈیشن کے متین پٹیل، حسینی سینا کے فیروز خان، اینجل فوڈ کے دانیال شیخ، نور خان بیلدار، راجہ مرزا اور دیگر افراد موجود تھے۔ اساتذہ کی تنظیموں، سیاسی و سماجی خدمت گاروں کو چاہیے کہ وہ پَوِتر پورٹَل پر اپنے اپنے شہروں کے اردو اساتذہ کی خالی اسامیوں کے اشتہارات اگر اَپ لوڈ نہیں کیے گئے ہوں تو متعلقہ افسران سے اشتہارات اَپ لوڈ کرنے کے لیے تحریری مطالبات کریں۔

kawishejameel

chief editor

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے !!