اردو سے متعلق امورپرنائب وزیراعلیٰ سنیترا اجیت پوار کو اردو کارواں کا دس نکاتی مکتوب پیش

ممبئی: 3 جون: (کاوش جمیل نیوز) :اقلیتی امور سے متعلق نائب وزیراعلیٰ حکومتِ مہاراشٹر سنیترا اجیت پوار کی صدارت میں سہادری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ اہم اجلاس میں ایم ایل اے رئیس قاسم شیخ اور ایم ایل اے ثناء ملک کی قیادت میں ایک وفد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اردو کارواں کے صدر فرید احمد خان نے اردو اکیڈمی اور اردو گھروں سے وابستہ مسائل و امور پر اہلیان اردو کی مؤثر نمائندگی کرتے ہوئے ایک دس نکات پر مشتمل تفصیلی مکتوب بھی نائب وزیراعلیٰ کو پیش کیا۔
مکتوب میں بھیونڈی میں اردو گھر کے قیام، بند کیے گئے لوک راجیہ کے اردو ایڈیشن کی فوری بحالی، مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی میں خالی آسامیوں کی تکمیل اور اکیڈمی کی تشکیلِ نو کے مطالبات پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ ممبئی اور کوکن ڈویژن کی نمائندگی میں اضافہ، اکیڈمی انتظامیہ کو محدود مالی اختیارات کی فراہمی اور ہر سال 16 اپریل کو اکیڈمی کے یومِ تاسیس کی باوقار تقریب منعقد کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
اردو کارواں نے اکیڈمی کی سرگرمیوں کو صرف مشاعروں تک محدود رکھنے کے بجائے دیگر ادبی اصناف سخن،علمی اور طلبہ پر مبنی پروگراموں میں توسیع، SSC اور HSC میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے اردو میڈیم طلبہ کی سالانہ حوصلہ افزائی، اور ادبی سرگرمیوں کو ممبئی تک محدود رکھنے کے بجائے ناندیڑ،اورنگ آباد، مالیگاؤں،جلگاؤں شولا پور اور دیگر اردو علاقوں تک وسعت دینے پر زور دیا۔
مکتوب میں ممبئی، جلگاؤں اور بھیونڈی سمیت مختلف مقامات پر اردو گھروں کے قیام کے لیے مناسب سرکاری زمین کی فراہمی، اردو اکیڈمی اور اردو گھروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی، اکیڈمی ایوارڈز کے انتخاب کے لیے شفاف طریقۂ کار اور اکیڈمی کی نئی گورننگ باڈی کے قیام کے بعد ایک جامع سالانہ ورکنگ کیلنڈر مرتب کرنے کی سفارش بھی شامل تھی۔
فرید احمد خان نے امید ظاہر کی کہ اردو زبان و ادب، تعلیمی سرگرمیوں اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق ان تجاویز پر حکومت سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مناسب کارروائی کرے گی۔




