تعلیم و روزگار

کولہاپورمیں ٹی ای ٹی پیپر لیک ریکیٹ بے نقاب؛ 18 افراد حراست میں؛ ریکیٹ کا دائرہ ریاست بھر میں پھیلنے کا خدشہ

کولہاپور: (کاوش جمیل نیوز) :ٹی ای ٹی پرچہ لیک معاملے میں کولہاپور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی سرغنہ مہیش گائیکواڑ سمیت 18 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ہفتے کے روز ریاست بھر میں ہونے والی ٹیچر اہلیت امتحان کے دوران کاغل تعلقہ میں ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش ہوا، جس میں پانچ اساتذہ بھی شامل پائے گئے۔ مرگڈ پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ٹی ای ٹی امتحان کو ریاست میں ٹیچر بھرتی کی پہلی اور نہایت اہم سیڑھی سمجھا جاتا ہے، لیکن اسی امتحان کا پرچہ لیک کر کے لاکھوں روپے کمانے والے گینگ کے سرگرم ہونے سے تعلیمی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے سونگے گاؤں کے ایک فرنیچر مال پر چھاپہ مارا، جہاں ٹی ای ٹی امتحان کا فوٹو کاپی شدہ پرچہ امیدواروں کو تین لاکھ روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ ابتدا میں نو افراد کو حراست میں لیا گیا لیکن تفتیش بڑھنے کے ساتھ ہی گرفتار شدگان کی تعداد 18 تک پہنچ گئی۔ گرفتار ہونے والوں میں کولہاپور ضلع کے پانچ اساتذہ بھی شامل ہیں، جس کے بعد محکمہ تعلیم نے ان کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ریاست بھر میں لاکھوں امیدوار امتحان دے رہے تھے، ایسے میں کولہاپور میں پرچہ لیک ہونے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ تعلیم اور پولیس فورس حرکت میں آگئی۔ گرفتار افراد میں کچھ امیدوار اور کچھ خود اساتذہ شامل ہیں جن کے اس ریکیٹ سے براہ راست تعلقات پائے گئے ہیں۔ تمام گرفتار شدگان کا تعلق کاغل اور رادھانگری تعلقوں سے بتایا جا رہا ہے جبکہ مزید چند مشتبہ افراد کے نام بھی سامنے آنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
پولیس اور لوکل کرائم برانچ پوری رات تفتیش میں مصروف رہی اور ابتدائی اندازوں کے مطابق اس ریکیٹ کا دائرہ ممکنہ طور پر ریاست بھر تک پھیلا ہوا ہو سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق مزید گرفتاریاں بھی ہو سکتی ہیں۔

Related Articles

One Comment

  1. ایسے لوگوں کو معاف نا کیا جائے,جب تک سخت قدم اٹھائے نہیں جاتے يه ہوتا رہے گا ۔اور میں تو کہتا ہوں کہ ان گنہگاروں سے پورے نقصان کی ہرجانہ لیا جائے ۔اس میں ایسا لگتاہے کہ سیاسی جماعت اوربہت اچھے اچھے لوگ بھی شامل ہیں ۔

    Amanullah khan
    Amravati

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!