بالاپور: تعلیمی انتظامی افسر،محمد کلیم ،بلدیہ بالاپور میں محکمۂ تعلیم کی جانب سے نومنتخب عوامی نمائندوں کا شانداراعزازیہ تقریب منعقد

بالاپور: (بذریعہ ذاکر احمد) :بلدیہ بالاپورکے محکمۂ تعلیم کی جانب سے نو منتخب صدرِ بلدیہ، نائب صدر، کمیٹی چیئرپرسنز اوربلدیاتی اراکین کے اعزاز میں بلدیہ کے سبھاگھرمیں ایک شانداراعزازیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے بعد نو منتخب اراکین کو مختلف محکموں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں محکمۂ تعلیم کی چیئرپرسن کی ذمہ داری ڈاکٹرسامیہ شجرمحمد فیاض انصاری کو دی گئی، جس کے پیشِ نظر محکمۂ تعلیم کی جانب سے یہ اعزازیہ تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر آفرین پروین نے کی۔ ابتدا میں تمام معزز مہمانوں کا شال اور گل دستہ پیش کر کے پرتپاک استقبال و اعزاز کیا گیا۔
اس موقع پر انتظامی افسر محمد کلیم نے محکمۂ تعلیم کے مختلف تعلیمی و انتظامی امور پرتفصیلی روشنی ڈالی اوربلدیہ کے تحت چلنے والے اسکولوں کی عمارتوں، کھیل کے میدانوں اور بنیادی ومادی سہولیات کی کمی کو معززنمائندوں کے سامنے پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرسریندر دھوپٹے، بلدیاتی رکن محمد اکرم، سابق بلدیاتی رکن ڈاکٹر محمد فیاض انصاری،سابق صدرِ بلدیہ جموسیٹھ اورتعلیمی چیئرپرسن ڈاکٹرسامیہ شجر نے واضح الفاظ میں کہا کہ عوام نے انہیں تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے منتخب کیا ہے، اس لیے بلدیہ کے تمام اسکولوں کو بہترعمارتیں اورضروری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے وہ پوری طرح پُرعزم ہیں۔
ڈاکٹر سامیہ شجر نے اساتذہ و معلمات سے وقت کی سختی سے پابندی کرنے اور تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ تعلیمی سیشن سے بلدیہ کی تمام مراٹھی اور اردو میڈیم اسکولوں میں جماعتوں کی توسیع کی جائے گی۔ جہاں فی الحال جماعت اول تا چہارم ہیں، وہاں جماعت پنجم شروع کی جائے گی، اور جہاں جماعت اول تا ہفتم ہیں، وہاں جماعت ہشتم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہر کے جن علاقوں میں پرائمری اسکول موجود نہیں ہیں، وہاں نئی بلدیہ اسکولیں شروع کرنے کی تجاویز بھی منظور کی گئی ہیں۔
سابق صدرِ بلدیہ جمو سیٹھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور تعلیمی سرگرمیوں پر باریک بینی سے نگرانی رکھی جائے گی۔ کسی بھی قسم کی لاپرواہی پائے جانے پر متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تقریب میں دیگر معززین میں بلبیر سنگھ کھوریا (آروگیہ چیئرپرسن)، رحمت اللہ خان، نصیر حسین، امجد حسین، عبدالغفران سجاد، ارپتا شرد اُمالے، سنجے اُمالے، ابو طلحہ، شہید پرویز خان، محمد سعود، ڈاکٹر فرحان، عرباز خان، عبد الرحیم، عبد الایجاز، عبد الصادق، سلیم قریشی، محمد سجاد سمیت متعدد سماجی کارکنان شریک تھے۔ تقریب کی نظامت بلدیہ کے معاون استاد آصف مصطفیٰ نے انجام دی جبکہ شکریہ عبدالمجید نے ادا کیا۔ اس موقع پر بلدیہ کے تمام ہیڈ ماسٹرز، اساتذہ و معلمات اور محکمۂ تعلیم کے عملے نے بھرپورشرکت کی۔



