مہاراشٹر

بالاپور:بارشِ رحمت کے لیے اٹھے ہاتھ، نمازِ استسقاء میں گونجی اجتماعی دعا؛ ”یا اللہ! اپنی رحمت سے بارش نازل فرما اور خشک سالی کے حالات کا خاتمہ فرما“ جامعہ علوم کے میدان میں امڈا عوامی ہجوم؛ توبہ و استغفار کے ساتھ بارش کے لیے گڑگڑا کر دعا

بالاپور: بارش کی کمی اور خشک سالی جیسے حالات کے پیشِ نظر بارشِ رحمت کے نزول کے لیے منگل کے روز مدرسہ جامعہ علوم کے وسیع میدان میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے بارگاہِ الٰہی میں نہایت عجز و انکساری کے ساتھ بارش کے لیے دعا کی۔
نمازِ استسقاء کی امامت اور دعا حضرت مولانا مفتی محمد اسلم قاسمی نے فرمائی۔ اس موقع پر شہر کے معروف علمائے کرام، ائمۂ مساجد، سماجی و سیاسی ذمہ داران بھی موجود تھے۔ ان میں مفتی اطہر اشاعتی، مولانا صدیق اشاعتی، امیرِ جماعت سراج بھائی، حافظ ریاض الدین سمیت دیگر علمائے کرام شامل تھے۔
سماجی و سیاسی شعبے سے سابق رکنِ اسمبلی سید ناطق الدین خطیب، سابق صدرِ بلدیہ عین الدین خطیب، میونسپل رکن محمد سلیم قریشی، محمد اکرم، ڈاکٹر فیاض حسین، محمد حفیظ، اطہر خان، ڈاکٹر مشیر سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
نماز کی ادائیگی کے بعد حاضرین نے اپنے گناہوں کی معافی، توبہ و استغفار، اللہ تعالیٰ کی رحمت و کرم اور خشک سالی کے خاتمے کے لیے نہایت عاجزی کے ساتھ گڑگڑا کر دعا کی۔ اس دوران جامعہ علوم کا پورا میدان روحانی اور رقت آمیز ماحول سے سرشار نظر آیا۔ بارشِ رحمت کے لیے اٹھے ہاتھوں اور اجتماعی دعا کے دوران کئی افراد آبدیدہ بھی ہوگئے۔
آج اور 10 ستمبر کو بھی نمازِ استسقاء ہوگی
بتایا گیا ہے کہ نمازِ استسقاء کا تین دن تک اہتمام کرنا مستحب ہے۔ اسی سلسلے میں آج اور جمعرات، 10 ستمبر کو صبح 10 بجے مدرسہ جامعہ علوم کے میدان میں دوبارہ نمازِ استسقاء ادا کی جائے گی۔
آئندہ نماز میں مولانا صدیق اشاعتی، مفتی اطہر اشاعتی اور مولانا اسماعیل اشاعتی امامت، خطبہ اور دعا کے فرائض انجام دیں گے۔
اس موقع پر مسلم معاشرے سے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے توبہ و استغفار کرنے، اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور بارشِ رحمت کے لیے بارگاہِ الٰہی میں اجتماعی دعا کرنے کی پُرخلوص اپیل کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!