غرور، تکبر اور گھمنڈ انسان کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں؛جمعہ کے خطاب میں مولانا اسماعیل اشاعتی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں تکبر کی مذمت بیان کی

بالاپور: مقامی مسجد میں جمعہ کے خطاب کے دوران مولانا اسماعیل اشاعتی نے "غرور، تکبر اور گھمنڈ کی مذمت” کے موضوع پر نہایت مؤثر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تکبر وہ برائی ہے جو انسان کو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دور کر دیتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تکبر کا مطلب اپنے آپ کو دوسروں سے بڑا سمجھنا، حق بات کو قبول نہ کرنا اور لوگوں کو حقیر جاننا ہے۔
مولانا نے قرآن کریم اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں بتایا کہ ماضی میں جن قوموں اور افراد نے غرور و تکبر اختیار کیا، اللہ تعالیٰ نے انہیں عبرتناک انجام سے دوچار کیا۔ فرعون، قارون اور دیگر متکبر لوگوں کے واقعات انسانیت کے لیے نصیحت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام عاجزی، انکساری اور حسنِ اخلاق کا درس دیتا ہے۔ مسلمان کو چاہیے کہ وہ ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرے، تکبر سے بچے اور اپنے کردار کو بہتر بنائے۔
خطاب کے اختتام پر مولانا اسماعیل اشاعتی نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ اپنی زندگی میں عاجزی، اخلاص اور تقویٰ کو اپنائیں اور غرور و تکبر جیسی برائیوں سے ہمیشہ دور رہیں۔




