وزیرِتعلیم داداجی بھوسے کی ہدایت پربلڈھانہ پولیس پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی اجتماعی پریڈ؛ 2000 طلبہ،9 نامور اسکول، ایک ترانہ: بلڈھانہ میں اجتماعی پریڈ کی تیاریاں مکمل
بلڈھانہ: (بذریعہ شیخمتین) :وزیرِتعلیمِ حکومتِ مہاراشٹر جناب داداجی بھوسے کی ہدایت کے مطابق یومِ جمہوریہ کے موقع پر بتاریخ 26 جنوری 2026 بلدھانہ شہر میں حب الوطنی کے ترانے پر ایک شاندار اجتماعی پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ پریڈ پولیس پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوگی، جس میں شہر کے مختلف نامور اسکولوں کے تقریباً 2000 طلبہ شرکت کریں گے۔
اس پروگرام میں ایڈیڈ ہائی اسکول، کیمبرج انگلش اسکول، بھارت ودیالیہ، شری شیواجی ودیالیہ، شاردھا گیان پیٹھ، پرابودھن ودیالیہ، اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج، سینٹ جوزف اسکول اور پودار انٹرنیشنل اسکول کے طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔
اس اجتماعی پریڈ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آج بتاریخ 23 جنوری کو پولیس پریڈ گراؤنڈ میں معزز افسران کی موجودگی میں معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع پریشد بلدھانہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب گلاب راؤ خرَات صاحب، ضلع تعلیمی و تربیتی ادارہ بلدھانہ کے پرنسپل جناب بھٹکر صاحب، ضلع پریشد کے پرائمری ایجوکیشن آفیسر جناب وکاس پاٹل صاحب، ایجوکیشن ایکسٹینشن آفیسر محترمہ انجلی کلکرنی میڈم، پنچایت سمیتی بلدھانہ کی گروپ ایجوکیشن آفیسر محترمہ میمانے میڈم اور پولیس محکمہ کے افسران موجود تھے۔
اس موقع پر شریک تمام اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر، اساتذہ کرام اور طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ معزز مہمانوں کی موجودگی میں طلبہ نے حب الوطنی کے ترانے پر پریڈ کی مشق پیش کی۔ طلبہ کی نظم و ضبط، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو دیکھ کر معزز افسران نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یہ امید ظاہر کی گئی کہ یہ پروگرام طلبہ میں حب الوطنی، نظم و ضبط اور اجتماعی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔



