مہاراشٹر

اورنگ آباد: سابق رکن پارلیمنٹ امتیازجلیل کو جان سے مارنے کی دھمکی، دفتر میں ملنے والے خط سے سیاسی حلقوں میں کھلبلی

اورنگ آباد: (کاوش جمیل نیوز) :شہراورنگ آباد سے ایک چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے، جہاں ایم آئی ایم کے رہنما اورسابق رکن پارلیمنٹ امتیازجلیل کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ان کے دفتر میں دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اس خط میں انہیں کسی بھی وقت قتل کیے جانے کی دھمکی دی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، امتیاز جلیل کے دفتر میں یہ دھمکی آمیز خط پایا گیا، جسے انہوں نے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں قتل کرنے کی سپاری ضلع احمد نگر کے ایک نوجوان کو دی گئی ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ مبینہ طور پر اس نوجوان کا نام اور پتہ بھی خط میں درج کیا گیا ہے۔ خط میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ ’’آپ کو کسی بھی وقت جان سے مار دیا جائے گا۔‘‘
تاہم، خط میں کیے گئے دعوؤں کی حقیقت ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ امتیاز جلیل نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس خط کی مکمل جانچ کی جائے اور اس میں جس نوجوان کا نام اور پتہ درج ہے، اس سے بھی پوچھ گچھ کی جائے۔
پولیس اب اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ خط کس نے لکھا، اس کے پیچھے کیا مقصد ہے، خط میں دی گئی معلومات کتنی درست ہیں اور آیا احمد نگر کے مذکورہ نوجوان کا اس معاملے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
اس دھمکی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امتیاز جلیل نے کہا کہ انہیں اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ اس طرح کی دھمکیاں مل چکی ہیں، لیکن وہ ایسی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز خط پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس کی مناسب تحقیقات ہونی چاہیے۔
اس موقع پر امتیاز جلیل نے شہر اورنگ آباد میں بڑھتے ہوئے جرائم پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شہر میں دیسی ساختہ پستول اور بندوقیں کھلے عام لائی جا رہی ہیں۔ بھرے بازار اور سڑکوں پر قتل جیسے واقعات پیش آنے سے شہر کی امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے ہو رہے ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہوگا کہ پولیس کی تحقیقات میں اس دھمکی آمیز خط کے پیچھے چھپی حقیقت کیا سامنے آتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!