مہاراشٹر

علی پبلک اسکول، بالاپور میں طلبہ کی قیادت کا جشن؛اسکول ہیڈ الیکشن مہم کا شاندارآغاز؛ طلبہ میں قیادت، اعتماد اور جمہوری اقدار پروان چڑھانے کی منفرد پہل

بالاپور: علی پبلک اسکول، بالاپور میں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے منعقد ہونے والے اسکول ہیڈ الیکشن کی انتخابی مہم کا آج پُرجوش آغاز کیا گیا۔ اس منفرد اقدام کا مقصد طلبہ کو جمہوری نظام کا عملی تجربہ فراہم کرنا اور ان میں قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
انتخابی مہم کے آغاز پر جماعت ششم کے طلبہ و طالبات کے امیدواروں نے اپنے ہم جماعتوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خیالات، منصوبے اور اسکول کی ترقی کے لیے اپنی حکمتِ عملی پیش کی اور اپنے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
اس انتخاب کے ذریعے ہیڈ بوائے، ہیڈ گرل، لسانی وزیر اور نظم و ضبط کے وزیر کا انتخاب کیا جائے گا۔ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے ثقافتی کمیٹی کی جانب سے جناب شہباز پٹھان کو الیکشن آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جو پورے انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔
ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی 25 جولائی 2026 کو ہوگی، جس کے بعد نتائج کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں اسکول کے سیکریٹری ڈاکٹر زبیر ندیم، انتظامیہ کے رکن امبر کاظم اور پرنسپل رضوانہ پروین بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ انہوں نے طلبہ کو ایمانداری، نظم و ضبط اور جمہوری اقدار کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر اولمپیاڈ امتحانات اور جون کے فاؤنڈیشن بیچ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔
ڈاکٹر زبیر ندیم نے کہا کہ اس انتخابی عمل کا مقصد طلبہ میں قیادت، خود اعتمادی، اظہارِ خیال کی صلاحیت، ذمہ داری، ٹیم ورک اور جمہوری شعور کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ مستقبل میں باوقار اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔
انتخابی مہم کے آغاز کے بعد پورے اسکول میں جوش، ولولہ اور صحت مند مقابلے کا ماحول پیدا ہوگیا ہے، جبکہ طلبہ، اساتذہ اور والدین اب ووٹنگ کے دن اور نئے طلبہ رہنماؤں کے انتخاب کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!