جمیل احمد شیخ کو طویل صحافتی خدمات کے اعتراف میں اکولہ سے مہاراشٹراردو ساہتیہ اکیڈمی کا صحافتی ایوارڈ

اکولہ: (نامہ نگار) :مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے معروف صحافی جمیل احمد شیخ عبدالقدیر کو ان کی طویل اور ناقابلِ فراموش صحافتی خدمات کے اعتراف میں اکولہ سے صحافتی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اس اعزاز کے اعلان کے بعد ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اہلِ علم و ادب، صحافتی برادری اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
جمیل احمد شیخ گزشتہ 26 برسوں سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے اپنے صحافتی سفر کا آغاز مراٹھی اخبارات سے کیا، تاہم اردو زبان سے والہانہ لگاؤ کے باعث انہوں نے جلد ہی اردو صحافت کو اپنا میدان بنایا۔
سال 2010 میں “کاوشِ جمیل” کے نام سے ہفت روزہ اخبارشروع کیا اور اگست 2010 سے یہ اخبار باقاعدگی کے ساتھ شائع ہورہا ہے۔ اسی طرح انہوں نے ایک نیوز پورٹل کے ذریعے بھی قارئین تک فوری اور مستند خبریں پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا جو تاحال جاری ہے۔
اپنے ذاتی اخبار کے ساتھ ساتھ جمیل احمد شیخ کی رپورٹس ریاست کے کئی معروف و مشہور اخبارات میں بھی شائع ہوتی رہی ہیں جن میں: ممبئی سے شائع ہونے والے اردو ٹائمز، ممبئی اردو نیوز، صحافت. اورنگ آباد کے ایشیا ایکسپریس، اورنگ آباد ٹائمز، شمع رہبر،ناندیڑ سے شائع ہونے والے ورق تازہ، کامل یقین، تہلکہ ٹائمز،اور دیگر اخبارات شامل ہیں.
تعلیمی اعتبار سے بھی موصوف صحافت میں ڈپلومہ کے ساتھ گریجویٹ ہیں اور اپنی صحافتی خدمات لگاتار پیش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی جمیل احمد شیخ نے مہاراشٹر اردو پترکارسنگھ کے نام سے ایک تنظیم کا قیام بھی کیا جس کے تحت اُن کے ساتھ مہاراشٹر کے کئی صحافی جڑے ہوئے ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں تنظیم کے لئے کام کررہے ہیں.ایوارڈ کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جمیل احمد شیخ نے کہا کہ: “اردو اکیڈمی کی جانب سے ملنے والا یہ اعزاز میری صحافتی کارکردگی پر مہر ثبت کرنے کے مترادف ہے۔ میں اکیڈمی اور تمام ذمہ داران کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔”
ان کے اس اعزاز پر ریاست بھر سے صحافیوں، ادیبوں، شاعروں اور سماجی شخصیات نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ اردو صحافت کے وقار میں اضافہ ہے۔