طالب علم اسکول میں حاضر مگر آن لائن غیر حاضر! یو-ڈائس میں نیو انٹری ٹیب نا ملنے سے پانچ لاکھ طلبہ کا مستقبل خطرے میں

ممبئی: (نامہ نگار) :تعلیمی محکمہ کی ہدایت کے مطابق، یو-ڈائس نظام کے تحت طلبہ کا اندراج 30 ستمبر 2025 تک لازمی قرار دیا گیا ہے۔ لیکن دوسری جماعت سے بارہویں تک کے طلبہ کے لیے آن لائن اندراج کا آپشن نہ کھلنے کی وجہ سے پانچ لاکھ سے زائد طلبہ اسکول میں موجود ہونے کے باوجود آن لائن “اسکول سے باہر” نظر آ رہے ہیں ۔اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ 11138کے بانی، ساجد نثار احمد نے اس سنگین مسئلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے طلبہ کے اندراج کے لیے فوری طور پر الگ آپشن فراہم کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو لاکھوں بچے 30 ستمبر کے بعد “اسکول سے باہر” شمار کیے جانے کا خطرہ ہے۔ نیز نیو انٹری ٹیب کے لیے ساجد نثار احمد مسلسل کوشاں ہیں، ساجد نثار نے بتایا کہ طلبہ اسکول میں حاضر ہونے کے باوجود آن لائن رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے اساتذہ کو بھی سرپلس دکھایا جا سکتا ہے۔اس سلسلے میں مہاراشٹر پرائمری ایجوکیشن کونسل کے ڈائریکٹر سنجے یادو نے کہا:”تعلیمی محکمہ کی جانب سے یہ مسئلہ مرکزی حکومت کے سامنے رکھا گیا ہے اور اس کا حل تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔”