سنیترا اجیت پوار این سی پی کی قومی صدر منتخب، پارٹی میں نئی قیادت کا آغاز؛ قومی مجلسِ عاملہ کا بڑا فیصلہ؛ پرفل پٹیل نے کیا اعلان

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :اجیت پوار کے انتقال سے پارٹی کو بڑا نقصان ہوا۔ پرفل پٹیل نے کہا کہ اجیت پوارکی بدولت ریاست اورملک میں پارٹی کی ایک الگ پہچان بنی تھی۔ وہ ایک عام خاندان سے تعلق رکھتے تھے اوراپنی محنت سے اس مقام تک پہنچے۔ 2023 میں جب اجیت پوار نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر بنے، تو اس بات کو تسلیم کرنے میں مجھے کوئی جھجھک نہیں، ایسا پٹیل نے کہا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پارٹی کی قومی مجلسِ عاملہ کی میٹنگ میں سنیترا پوار کو قومی صدر منتخب کرنے کا اعلان کیا گیا۔ پرفل پٹیل نے اس سلسلے میں قرارداد پیش کی جسے تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ اس موقع پر یہ بھی اطلاع دی گئی کہ پارتھ پوارکو بھی پارٹی میں اہم ذمہ داری دی جائے گی۔
پرفل پٹیل نے کہا کہ 28 جنوری کو اجیت دادا ہم سب کو چھوڑ کر چلے گئے، جو ہم سب کے لیے ایک بڑا صدمہ تھا۔ سب کے ذہن میں سوال تھا کہ اب آگے کیا ہوگا؟ مگر سنیترہ تائی کی قیادت میں پارٹی مضبوطی سے آگے بڑھے گی۔ اس اجلاس میں سنیترہ پوار، سنیل تٹکرے، پرفل پٹیل، پارتھ پوار، روپالی چاکنکر، چھگن بھجبل سمیت کئی سینئر لیڈران اور عہدیداران موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے مہینے کچھ لوگ بے بنیاد باتیں کرنے لگے تھے اور پارٹی کو مشورے دینے لگے تھے، حالانکہ ان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مگر ہم نے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ لیتے ہوئے سنیترہ پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا۔ اب ہمیں اجیت پوار کے نظریات پر چلتے ہوئے نئی قیادت میں پارٹی کو آگے لے جانا ہے۔
پرفل پٹیل نے کہا کہ اجیت پوار نے مجھے قومی کارگزار صدر بنایا تھا اورمجھ پر بڑا اعتماد کیا تھا۔ گزشتہ 35 برسوں سے میں ان کا قریبی ساتھی رہا ہوں۔ آج میں باقاعدہ طور پر تجویز پیش کرتا ہوں کہ سنیترہ پوار کو پارٹی کا قومی صدر منتخب کیا جائے۔ اس کے بعد تمام اراکین نے ہاتھ اٹھا کر اس تجویز کی تائید کی۔ پٹیل نے اعلان کیا کہ سنیترہ اجیت پوار کو باضابطہ طور پرنیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا قومی صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔
پرفل پٹیل نے اجیت پوار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک الگ مٹی کے بنے ہوئے لیڈر تھے۔ پارٹی کو کئی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا، مگر انہوں نے کبھی حوصلہ کم نہیں ہونے دیا۔ ایک سچا لیڈر وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں آگے بڑھ کر قیادت کرتا ہے، اور اجیت پوار نے ہمیشہ یہی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب سنیترہ پوار نائب وزیر اعلیٰ بنیں تو پارلیمنٹ میں کئی لوگوں کی آنکھوں میں آنسو تھے، جو ان کی مقبولیت اوراحترام کا ثبوت ہے۔



