مہاراشٹر

پربھنی میں کانگریس-ٹھاکرے اتحاد کی جیت، بی جے پی کو بڑا دھچکا ؛ شیو سینا (ٹھاکرے) 25 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی

پربھنی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاست بھرکی میونسپل کارپوریشنوں کے نتائج کا اعلان ہو چکا ہے۔ بی جے پی ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے اور ممبئی سمیت بیشتر کارپوریشنوں میں اس کی برتری دیکھنے کو ملی ہے، تاہم پر بھنی میں بی جے پی کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
پر بھنی میونسپل کارپوریشن کی 65 نشستوں میں سے شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ) نے 25 نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ کانگریس اور بی جے پی مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، دونوں کو 12-12 نشستیں ملی ہیں، جبکہ این سی پی کو 11 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ شندے گروپ کی شیو سینا کا کھاتہ تک نہیں کھل سکا، جبکہ دیگر اور آزاد امیدواروں نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
پر بھنی میں کانگریس اور شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) نے اتحاد کے ساتھ انتخاب لڑا تھا اور عوام نے اسی اتحاد کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ اب کانگریس کی حمایت سے شیو سینا ٹھاکرے گروپ کا میئر منتخب ہوگا۔ اسے بی جے پی اور سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر کے لیے بڑا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔
پر بھنی میں سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر اور سابق وزیر سریش ورپڈکر کی طاقت کمزور ثابت ہوئی اور میونسپل کارپوریشن بی جے پی کے ہاتھ سے نکل گئی۔ نتائج کے بعد بی جے پی نے شکست کو وقار کے ساتھ قبول کیا ہے۔ میگھنا بورڈیکر نے کہا، “پر بھنی میں ہمیں ناکامی ملی ہے، ہم اس شکست پر غور و فکر کریں گے۔”
ادھر، ریاست اور ملک بھر کی نظریں جس ممبئی میونسپل کارپوریشن پر جمی تھیں، وہاں مہایوتی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ممبئی میں بی جے پی کو 88 اور شیو سینا (شندے گروپ) کو 28 نشستیں ملی ہیں۔ جبکہ ٹھاکرے برادران کے اتحاد کو 73 اور کانگریس کو 24 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ دیگر و آزاد امیدواروں کا عدد 10 ہے۔ اس طرح ممبئی میں مہایوتی کا ہندو مراٹھی میئر بننا طے ہے۔
اس انتخاب میں ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے اتحاد کیا تھا، مگر اس اتحاد کا خاص اثر نتائج پر نظر نہیں آیا۔ ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کو 67 اور منسے کو محض 6 نشستیں ملیں۔ یوں پچھلے 25 برس سے اقتدار میں رہنے والی ادھو ٹھاکرے کی قیادت کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!