مہاراشٹر

معروف صحافی، ادیب اورماہنامہ “گل بوٹے” کے بانی ومدیراور بہترین ناظم "فاروق سید کا انتقال”؛ "ممبئی اورپورے مہاراشٹر کی ادبی فضا سوگوار”

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :بچوں کے ادب، صحافت اور اردو زبان کے فروغ کے میدان میں فاروق سید کے انتقال سےایک بڑا اور ناقابلِ تلافی خسارہ ہوا ہے۔ نہایت افسوس اور رنج کے ساتھ یہ اطلاع موصول ہوئی کہ بچوں کے ہر دلعزیز ماہنامہ “گل بوٹے” (ممبئی) کے بانی و مدیر، ممتاز صحافی، ادیب اور بچوں کے مخلص محسن محترم فاروق سید انتقال فرما گئے۔
مرحوم نے اپنی پوری زندگی بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور ادبی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ “گل بوٹے” صرف ایک رسالہ نہیں بلکہ نسلوں کی علمی و ادبی آبیاری کا ایک روشن ذریعہ تھا، جس کے ذریعے انہوں نے بے شمار بچوں میں مطالعہ، تحریر اور اردو زبان سے محبت کا جذبہ پیدا کیا۔ بچوں کے ادب میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
دو ماہ قبل رمضان المبارک میں آپ عمرہ کی سعادت کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ عید سے قبل وہاں طبیعت ناساز ہوئی، جس کے بعد ممبئی واپس لایا گیا۔ متعدد اسپتالوں میں علاج، بائی پاس سرجری اور مسلسل طبی جدوجہد کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے اور اپنے خالقِ حقیقی سے جاملے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی علمی، ادبی اور صحافتی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام نصیب کرے اور تمام اہلِ خانہ، متعلقین، قارئین اور اردو ادب سے وابستہ افراد کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
اس غم کی گھڑی میی اردو کارواں کی پوری ٹیم اور تمام احباب مرحوم کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
دعا گو
فرید احمد خان
صدر، اردو کارواں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!