بالاپور کے ترقیاتی کاموں پر ہائی کورٹ سخت ;مہاراشٹر حکومت سمیت تین فریقوں کو نوٹس؛ جواب طلب; چکن مٹن مارکیٹ ایک سال سے نامکمل، 200 کروڑ کے ڈرینیج اور سیوریج پروجیکٹ کی پیش رفت پر بھی سوال

بالاپور : شہر کے اہم ترقیاتی کاموں میں مبینہ تاخیر اور ہائی کورٹ کے سابقہ احکامات پر عمل درآمد کا معاملہ اب عدالت تک پہنچ گیا ہے۔ سابق فضائیہ افسر اور درخواست گزار قیصر فاروق کی جانب سے بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ میں داخل کردہ رٹ عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے مہاراشٹر حکومت، بالاپور नगर परिषद اور سب ڈویژنل افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔
عرضی میں بالاپور کے ترقیاتی کاموں کی سست رفتار پر سوال اٹھاتے ہوئے بتایا گیا کہ نئے چکن اور مٹن مارکیٹ کی تعمیر کے لیے تقریباً 50 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی گئی تھی۔ اس کے باوجود ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی مارکیٹ کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی ہے۔
اسی طرح شہر کے ڈرینیج، سیوریج اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق تقریباً 200 کروڑ روپے کے اہم پروجیکٹ کا معاملہ بھی عرضی میں اٹھایا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق ہائی کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو آٹھ ہفتوں کی مقررہ مدت میں ضروری کارروائی کرنے کے احکامات دیے تھے، لیکن اس کے باوجود نئی واٹر سپلائی پائپ لائن، ڈرینیج اور سیوریج پروجیکٹ کے کاموں میں مطلوبہ پیش رفت نہیں ہوئی۔
عدالت کے سابقہ احکامات پر عمل درآمد میں مبینہ تاخیر کے باعث درخواست گزار نے دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے متعلقہ تینوں فریقوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ معین عمران خان نے پیروی کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی صورتحال اور سابقہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا معاملہ عدالت کے سامنے پیش کیا۔ حکومت کی جانب سے سرکاری وکیل نے اپنا موقف پیش کیا۔
اس معاملے کی اگلی سماعت چار ہفتوں بعد متوقع ہے۔




