مہاراشٹر

مہاراشٹر:25 جنوری سے گھر گھر ہوگی مردم شماری، 10 سے 24 جنوری تک آن لائن خود شماری کی سہولت؛مردم شماری کے لیے ریاستی حکومت کی تیاریاں تیز، چیف سکریٹری نے دی ہدایات

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے کے تحت ریاست میں 25 جنوری سے گھر گھر جاکر آبادی کی گنتی کی جائے گی، جبکہ 10 سے 24 جنوری کے درمیان شہریوں کو آن لائن خود شماری درج کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ اطلاع ریاست کے چیف سکریٹری راجیش اگروال نے دی۔
مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے 21 نومبر کو ممبئی کے سہیا دری گیسٹ ہاؤس، ملبار ہل میں پرنسپل مردم شماری افسران کی ریاستی سطح کی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا افتتاح چیف سکریٹری راجیش اگروال کی ورچوئل موجودگی میں کیا گیا۔
اس موقع پر چیف سکریٹری نے کہا کہ مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں آبادی کی گنتی کا کام درست، شفاف اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اسے اولین ترجیح دے۔ مردم شماری کے ذریعے جمع کی جانے والی معلومات مستقبل کی منصوبہ بندی اور مختلف ترقیاتی کاموں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں، اس لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔
مرکزی حکومت کی جوائنٹ سکریٹری اور مہاراشٹر کی چیف پرنسپل مردم شماری افسر ڈاکٹر نروپما جے ڈانگے نے کہا کہ مردم شماری میں کسی بھی قسم کی غلطی کے اثرات حلقہ بندی، قانونی ریزرویشن اور آئندہ دس برسوں کے بنیادی آبادیاتی اعداد و شمار پر پڑ سکتے ہیں۔ اس لیے ریاست بھر میں تعینات کیے جانے والے تقریباً 2.84 لاکھ مردم شماری کارکنان اور سپروائزرس اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر فرد کا اندراج ہو۔
انہوں نے بے گھر افراد، ہاسٹلس، جیلوں، ہوٹلوں، پیئنگ گیسٹ رہائش گاہوں کے علاوہ دور دراز اور محروم علاقوں میں رہنے والی آبادی کے اندراج پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اس مقصد کے لیے 40 سوالات پر مشتمل ڈیجیٹل سوالنامہ، مردم شماری کارکنان کے لیے موبائل ایپ، آن لائن خود شماری اور ریئل ٹائم نگرانی کے نظام کا استعمال کیا جائے گا۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر کے ایچ گووندراج نے شہری علاقوں میں مردم شماری کے دوران پیش آنے والے چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کی تقریباً 50 فیصد آبادی شہری علاقوں میں رہتی ہے۔ ایسے میں نقل مکانی، شہریوں کی مسلسل آمد و رفت، گنجان آبادیاں اور شہروں کی توسیع کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی ضروری ہے۔ بند یا خالی مکانات کے لیے ضرورت پڑنے پر دوبارہ دورے کیے جائیں اور مردم شماری کارکنان کی تقرری، تربیت، ضروری سہولیات اور اعزازیہ کی فراہمی بروقت مکمل کی جائے۔
پرنسپل سکریٹری اور ریاستی نوڈل افسر رنجیت سنگھ دیول نے مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے کے شیڈول اور ریاستی تیاریوں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کارکنان اور سپروائزرس کی تقرری، تربیت اور دیگر انتظامی کارروائیاں مقررہ وقت میں مکمل کی جائیں۔ ضلع کلکٹرس اور میونسپل کمشنرس بھی ضلعی سطح کی تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے کام کا باقاعدہ جائزہ لیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!